.

سعودی ولی عہد کے طیارے کو مصری جنگی جہازوں کی سلامی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز اعلیٰ اختیاراتی وفد کے ہمراہ کل اتوار کو مصر کے تین روزہ سرکاری دورے پر قاہرہ پہنچے۔ مصر کی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی سعودی عرب کے شاہی طیارے کو مصر کے لڑاکا جہازوں نے اپنے حصار میں لے لیا جو دراصل خیر مقدم کا ایک منفرد انداز تھا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی ولی عہد کے خصوصی طیارے کو مصر کے جنگی جہازوں کی جانب سے نہ صرف تحفظ فراہم کیا گیا بلکہ ان کا مصرکی فضاؤں میں بھی شاندار استقبال کیا گیا۔

مصر کی خارجہ امور کمیٹی کے رکن اور ناصر ملٹری اکیڈمی کے مشیر میجر جنرل پائلٹ ھشام الحلبی نے ’العربیہ ڈاٹ نیٹ‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جنگی طیاروں کا سعودی ولی عہد کے طیارے کے آگے جانا معزز مہمان کا فضا میں خیر مقدم کرنے کا منفرد واقعہ ہے۔ یہ مصر کی مسلح افواج کی طرف سے سعودی ولی عہد کےمصر کی فضائی حدود میں داخل ہونے پران کا استقبال بھی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں جنرل الحلبی نے کہا کہ لڑاکا طیاروں کا فضا میں بلند ہونا سعودی ولی عہد کے سرکاری اور باضابطہ پروٹوکول کا حصہ نہیں تاہم یہ اقدام معزز مہمان سے مصری قوم اور مسلح افواج کی محبت کا اظہار ہے۔ اس سے یہ پیغام دیا گیا ہے کہ جمہوریہ مصر سعودی عرب کو کس قدر عزت واحترام دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مصری جنگی طیارے شہزادہ محمد بن سلمان کا طیارہ مصر میں داخل ہوتے ہوئے مختلف فوجی اڈوں پر ان کے فضاء میں استقبال کے لیے تیار جنگی جہاز فضاء میں بلند ہو گئے تھے۔