.

دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد نے یورپی فیملی کی ریت میں دھنسی کار کو کیسے نکالا ؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

دبئی کے حکمراں شیخ محمدبن راشد آل مکتوم اپنی شخصی زندگی میں بہت متحرک اور ملنسار واقع ہوئے ہیں اور ان کے عام شہریوں کی مدد کے واقعات آئے دن میڈیا کی خبروں کی زینت بنتے رہتے ہیں۔اب سوشل میڈیا کی بدولت تو ان کے ایسے کاموں کی خوب پذیرائی ہوتی ہے۔

ایسا ہی ایک واقعہ حال ہی میں رونما ہوا ہے اور اس میں شیخ محمد بن راشد ایک سپر مین کا کردار ادا کرتے ہوئے ایک یورپی خاندان کی ریت میں دھنس جانے والی کار کو نکالتے اور اس کو دوبارہ مرکزی شاہراہ پر چڑھاتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

امارات سے شائع ہونے والے اخبار الامارات الیوم کے ٹویٹر اکاؤنٹ پر دبئی کے حکمراں کی بعض تصاویر پوسٹ کی گئی ہیں ۔ان میں وہ اس کار کو اپنی گاڑی کی مدد سے مرکزی شاہراہ پر لاتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں ۔انھوں نے اس کار میں سوار یورپی خاندان کے تین ارکان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائی ہیں۔