.

دنیا کا آخری سفید شمالی نر گینڈا ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

آخری سفید شمالی نر گینڈے کے ہلاک ہو جانے کے بعد اس جانور کی بقاء خطرے میں پڑ گئی ہے۔ کینیا کے حکام نے منگل کے روز پینتالیس سالہ گینڈے ’سوڈان‘ کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔ دنیا میں یہ اپنی نوع کا آخری نر گینڈا تھا۔

کینیا میں اس نوع کے جانوروں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے ادارے کے مطابق اب اس پوری دنیا میں اس نسل کی صرف دو مادہ گینڈا ہی زندہ بچی ہیں۔ اس نر کو شکار سے بچانے کے لیے غیر معمولی اقدامات کیے گئے تھے۔

کینیا میں وائلد لائف حکام کے مطابق یہ گینڈا بوڑھا ہو چکا تھا، جس کی وجہ سے اسے ہڈیوں اور پٹھوں کے مسائل کا سامنا تھا اور ان مسائل کی وجہ سے اس کی جلد پر مسلسل زخم بن رہے تھے۔

یہ گینڈا فروری آواخر اور مارچ کے شروع میں دو ہفتوں کے لیے صرف اپنے باڑے میں ہی رہا تھا کیوں کہ اس کی ایک ٹانگ کا زخم شدید ہو گیا تھا۔ اس کی حفاظت پر مامور ادارے اول پجیٹا کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے، ’’گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں اس کی حالت انتہائی خراب ہو گئی تھی، جس کے بعد ڈیور کرالُوو چڑیا گھر کی ویٹرنری ٹیم اور کینیا وائلڈ لائف سروس کے اہلکاروں نے اس کی آرام دہ موت کا فیصلہ کیا۔‘‘

اپنی نسل کا یہ آخری نر گینڈا قبل ازیں چیک جمہوریہ کے ’ڈیور کرالُوو چڑیا گھر‘ میں رہتا تھا لیکن اسے کینیا کے اس محفوظ علاقے میں منقتل کر دیا گیا تھا، جہاں اس نسل کی دو مادہ گینڈا موجود تھیں تاکہ ان کی نسل کو آگے بڑھایا جا سکے۔

جب ان کے ملاپ کی قدرتی کوششیں ناکام ہو گئیں تو سوڈانی وائلڈ لائف حکام نے اس گینڈے کی تصویر ڈیٹنگ ویب سائٹ ٹِنڈر پر بھی لگائی تھی تاکہ اس نسل کی مصنوعی بار آوری اور علاج کے لیے نو ملین ڈالر جمع کیے جا سکیں۔