.

محمد بن سلمان اور کُشنر کے پس منظر میں نظر آنے والی تصویر کی کہانی ؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا امریکا کا سرکاری دورہ جاری ہے۔ منگل کے روز بن سلمان نے وہائٹ ہاؤس کے سینئر مشیر جیرڈ کشنر اور مشرق وسطی کے لیے امریکی صدر کے خصوصی ایلچی جیسن گرین بیلٹ سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دیوار پر آویزاں ایک تاریخی تصویر بھی ظاہر ہو رہی تھی جو مملکت کے بانی شاہ عبدالعزیز آل سعود کی امریکی صدر روزیلٹ کے ساتھ ملاقات کے موقع پر لی گئی۔

سن 1945ء کی پہلی سہ ماہی میں امریکی صدر رویلٹ نے سعودی عرب کے بانی اور پہلے فرماں روا شاہ عبدالعزیز کو ملاقات کی دعوت دی۔ یہ ملاقات اسی برس 14 فروری کو نہر سوئز کی Great Bitter Lake میں موجود امریکی بحری جہاز "کوئنسی" پر ہوئی۔

تقریبا پانچ گھنٹے جاری رہنے والی اس ملاقات کے تاریخی ذرائع کے مطابق روزویلٹ نے اپنے تاثرات میں کہا کہ "میں نے ایک سحر انگیز شخصیت اور مشکل مذاکرات کار سے ملاقات کی۔ میں اپنی زندگی میں سعودی عرب کے فرماں روا جیسی کسی شخصیت سے نہیں ملا۔ میں اُن سے بہت زیادہ باتیں اُگلوا نہیں سکا۔ یہ آدمی فولادی ارادے کا مالک ہے"۔

یہ ملاقات 1932ء میں مملکت سعودی عرب کے قیام کے اعلان کے 13 برس بعد ہوئی تھی۔ اُس وقت مملکت کی آبادی 50 لاکھ سے زیادہ نہ تھی اور شاہ عبدالعزیز کی عمر 70 برس تھی۔ مملکت سے پہلی مرتبہ کوچ کرتے ہوئے شاہ عبدالعزیز جدہ سے نہر سوئز پہنچے۔

شاہ عبدالعزیز کی 14 فروری 1945ء کو لی گئی تصویر اور شہزادہ محمد بن سلمان کی امریکا کے حالیہ دورے میں لی جانے والی تصویر کے درمیان دونوں ملکوں کے تعلقات کی 73 سالہ بھرپور تاریخ موجود ہے۔