.

فرانس میں حملہ ، کم ازکم ایک شخص ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

فرانس کے جنوبی علاقے میں واقع ایک سپر مارکیٹ میں ایک مسلح حملہ آور نے کچھ لوگوں کو یرغمال بنانے کی کوشش کی ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق اس کارروائی میں ایک شخص ہلاک بھی ہو گیا۔

خبر رساں ادارے نے مقامی میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ جنوبی فرانس کے شہر کاکاسن میں واقع ایک سپر مارکیٹ میں ایک مسلح حملہ آور نے کچھ لوگوں کو یرغمال بنا لیا تاہم بعد ازاں سکیورٹی اہلکاروں کی کارروائی کے نتیجے میں انہیں آزاد کرا لیا گیا۔ تاہم ابھی تک ایک پولیس اہلکار اس سپر مارکیٹ میں موجود ہے۔

ذرائع نے مقامی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ تئیس مارچ بروز جمعہ جب اس حملہ آور نے کارروائی کی تو ایک شخص ہلاک بھی ہو گیا۔ پولیس نے بتایا ہے کہ سکیورٹی اہلکار جائے وقوعہ پہنچ چکے ہیں جبکہ کارروائی جاری ہے۔ طبی ذرائع کے مطابق اس کارروائی میں ایک شخص زخمی بھی ہوا ہے۔

دوسری طرف خبروں کے مطابق اس کارروائی میں دو افراد ہلاک جبکہ بارہ زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق اس حملہ آور نے آٹھ افراد کو یرغمال بنایا تھا جبکہ اس نے ایک پولیس افسر کو گولی سے نشانہ بھی بنایا۔

بی ایف ایم ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس حملہ آور نے انتہا پسند گروپ ’اسلامک اسٹیٹ‘ سے وابستگی کا اعلان کیا ہے۔ ادھر پیرس میں استغاثہ نے بتایا ہے کہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی ٹیم نے اس واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے تاہم اس بارے میں کوئی تصدیق نہیں کی گئی ہے کہ اس حملہ آور کا تعلق داعش سے ہے۔ فرانس میں ماضی میں بھی ایسے دہشت گردانہ حملے ہو چکے ہیں۔ اس حوالے سے اس مغربی یورپی ملک میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔