.

ترکی میں "بقلاوہ" مٹھائی کا میوزیم

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ترکی کے جنوبی صوبے غازی عنتاب میں ایک مقامی ڈاکٹر نے معروف مٹھائی "بقلاوہ" کا میوزیم قائم کیا ہے۔ اوگوز خان سائیگیلی نے جو آنکھوں کے ڈاکٹر ہیں چند برس قبل جرمنی کا دورہ کیا تھا جس کے دوران انہوں نے چاکلیٹ کا میوزیم دیکھا۔ وہاں سے انہیں پھر اپنے اس اچھوتے منصوبے کا خیال آیا۔

اوگوز نے دو ماہ قبل اس میوزیم کے لیے اجازت نامہ حاصل کیا تھا۔ اناضول نیوز ایجنسی کے مطابق اس میوزیم کا دورہ کرنے والے افراد مقامی موسیقی کی دُھنوں پر مختلف پویلینز میں گھومتے پھرتے ہیں اور بقلاوہ کی تیاری کے مختلف مراحل کی جان کاری حاصل کرتے ہیں۔

اس دوران شفاف شیشے کے پیچھے سے بقلاوہ کی تیاری کے مراحل کو دیکھا جا سکتا ہے جہاں نانبائی اس لذیذ مٹھائی کی تیاری کے مختلف مرحلوں میں اپنی ذمے داریاں انجام دے رہے ہوتے ہیں۔

اوگوز کا کہنا ہے کہ وہ جرمنی کے دورے کے دوران وہاں چاکلیٹ کے میوزیم سے بہت زیادہ متاثر ہوئے۔ اس کے بعد انہوں نے غازی عنتاب میں بقلاوہ کا ایک میوزیم کھولنے کا فیصلہ کیا۔

اوگوز کے مطابق انہوں نے اس موضوع پر گہرے مطالعے اور تقریبا 3 برس کے بعد ایک تاریخی مقام Millet Hanı پر یہ میوزیم کھولنے کا فیصلہ کیا۔

واضح رہے کہ غازی عنتاب کا کچن ان عالمی کچنز میں سے ہے جو اقوام متحدہ کی ذیلی تنظیم یونیسکو کی سرپرستی میں کام کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں یہ یونیسکو کے اُن 163 عالمی مقامات میں شامل ہے جن کو تنظیم نے تخلیق کار مقامات قرار دیا ہے۔