.

اسپیڈ بوٹ جو ایک ہی وقت میں آبدوز بھی اور طیارہ بھی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

برطانوی اخبار "ڈیلی میل" کی جانب سے ایک "تارپیڈو" کشتی کے وڈیو کلپ جاری کیے گئے ہیں جس کے مظاہرے کو دیکھ کر عقل دنگ رہ جاتی ہے۔ اس نجی اور تیز رفتار کشتی کو پرانے لڑاکا طیاروں کے پرزوں اور سامان سے تیار کیا گیا ہے۔

اس آبدوز کشتی کا نامSeabreacher ہے اور یہ صورت میں شارک مچھلی سے مشابہت رکھتی ہے۔ یہ کشتی ایک چھلانگ میں موجوں کو عبور کر سکتی ہے اور دو سواروں کو لے کر پانی کے نیچے سفر کر سکتی ہے۔

لڑاکا جیٹ ، ریسنگ بوٹ اور آبدوز کے امتزاج پر مشتمل اس واٹر کرافٹ کی قیمت 80 ہزار سے ایک لاکھ ڈالر کے درمیان ہے۔

برطانوی اخبار کے مطابق یہSeabreacher کنٹرول کے تین محوروں کے ساتھ ایئرکرافٹ جیسے انداز سے حرکت کرتی ہے۔ اس کے سبب یہ دائیں اور بائیں جانب کنی کاٹ جانے کے علاوہ عمودی چھلانگ، پانی کے نیچے سفر اور موجوں کے بیچ سے نکل جانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

یہSeabreacher ہر باری میں تقریبا 20 سیکنڈ کے دورانیے تک پانی میں نصف میٹر تک کی گہرائی میں چلتی ہے۔ یہ موجوں کے بیچ 12 فٹ کی بلندی تک چھلانگ لگانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

اس Seabreacher میں 230 سے 260 ہارس پاور کا انجن نصب ہے جو اس آبدوز کشتی کو پانی کی سطح کے اوپر 80 کلومیٹر فی گھنٹہ اور پانی کے نیچے 40 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلاتا ہے۔

اس Seabreacher کو آن بورڈ اسٹیریو، iPod ڈوک، GPS نظام کے علاوہ مختلف اندرونی اور بیرونی رنگوں سے آراستہ کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ 360 ڈگری کا کیمرا بھی نصب کیا جا سکتا ہے جو کاک پٹ میںLCD یا LED پر براہ راست مناظر دکھائے گا۔