.

نیویارک : سعودی ولی عہد کی کسی پروٹوکول کے بغیر ایک کافی شاپ میں آمد اور گپ شپ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان امریکا کے دو ہفتے کے سرکاری دورے پر ہیں اور وہ وہاں مصروف وقت گزار رہے ہیں، انھوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت سیاسی قیادت ، کاروباری شخصیات ، نمایاں ٹیکنالوجی فرموں اور صنعتی اداروں کے سربراہوں سے ملاقاتیں کی ہیں اور ان سے صنعتی ، تجارتی ، معاشی اور سیاسی تعلقات کے فروغ اور دوطرفہ سرمایہ کاری بڑھانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

سعودی ولی عہد نے یہ ملاقاتیں روایتی اور رسمی پروٹوکول کے ساتھ کی ہیں لیکن نیویارک میں وہ ایک مختلف انداز میں دیکھے گئے ہیں ۔وہ امریکا کی معروف کاروباری شخصیت مائیکل بلومبرگ کے ساتھ ایک کافی شاپ میں مل بیٹھے ہیں اور ان سے غیر رسمی انداز میں خوش گپیوں میں مصروف نظر آئے ہیں۔

اس ملاقات میں واشنگٹن میں متعیّن سعودی سفیر شہزادہ خالد بن سلمان بھی نظر آرہے ہیں ۔سعودی ولی عہد نے خود کافی آرڈر کی تھی اور وہ اس کا بل ادا کرتے ہوئے ایک تصویر میں دیکھے جاسکتے ہیں ۔

انھوں نے نیویارک کے سابق میئر مائیکل بلومبرگ اور گولڈمین سچز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ( سی ای او) لائیڈ بلینک فین سے بدھ کو باضابطہ طور پر ملاقات کی تھی۔

اس کے علاوہ انھوں نے امریکا کی بڑی کمپنیوں کے چالیس سربراہوں اور اعلیٰ انتظامی افسروں سے ملاقات کی تھی اور ان سے سعودی عرب کے بحیرۂ احمر کے کنارے بسائے جانے والے نئے شہر نیوم میں مختلف مشترکہ منصوبے شروع کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا تھا۔