.

ایرانی جماعتوں کی سعودی عرب پر حوثیوں کے میزائل حملوں کی سخت مذمت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ایرانی نظام کی مخالف جماعتوں پر مشتمل "ڈیموکریٹک کونسل" نے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب پر ایرانی ساختہ میزائل داغے جانے کی سخت مذمت کی ہے۔ یہ موقف کونسل کی جانب سے جاری ایک بیان میں سامنے آیا ہے جس کی کاپی العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بھی موصول ہوئی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی نظام باغی حوثی ملیشیا کو بیلسٹک میزائل مہیا کر کے خطے میں تنازع اور عدم استحکام کی صورت حال پیدا کرنے پر کام کر رہا ہے۔ ایران میں قائم اسلامی جمہوریہ کا نظام کئی برسوں سے دوسروں پر الزام عائد کر ہا ہے کہ وہ نظام کے خلاف جنگ کے لیے سازشوں کا جال بُن رہے ہیں تاہم اس دوران وہ خود براہ راست اور خطے میں اپنے ایجنٹوں کے ذریعے شام ، عراق ، لبنان اور یمن میں تنازعات بھڑکانے میں ملوث ہے"۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ "ایران کی جانب سے حوثیوں پر زور دینا کہ وہ سعودی عرب یا خطے کے کسی بھی دوسرے ملک پر میزائل حملے کریں، یہ نہ صرف ایرانی عوام کے مفادات کے خلاف ہے بلکہ خطے میں ایران کے بطور ریاست وجود سے بھی متصادم ہے"۔

بیان میں دو ٹوک انداز میں کہا گیا ہے کہ سعودی اراضی پر میزائل حملوں کا ذمّے دار صرف حوثی ملیشیا کو نہیں ٹھہرایا جانا چاہیے بلکہ یقینا ایران کو ان جارحانہ اقدامات کا ذمے دار شمار کیا جانا چاہیے۔ بیان کے اختتام پر کونسل نے کہا کہ وہ تمام متعلقہ ممالک سے مطالبہ کرتی ہے کہ تہران کے نظام کی جانب سے جنگوں کے بھڑکانے کی سیاست سے خبردار رہیں۔

دوسری جانب Congress of Nationalities for a Federal Iran کی جانب سے جاری ایک بیان میں حوثی ملیشیا کی طرف سے سعودی عرب پر میزائل داغے جانے کی مذمت کی ہے۔ مذکورہ اتحاد میں ایران میں مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والی جماعتیں شامل ہیں۔ بیان پر دستخط کرنے والی جماعتوں نے گنجان آباد علاقوں کے خلاف ایران نواز حوثیوں کی طرف سے میزائل حملوں پر شدید غم و غصّے کا اظہار کیا۔ ساتھ ہی ایرانی نظام کے اُن منصوبوں کی بھی مذمت کی گئی جن کے ذریعے ایرانی عوام کا پیسہ بیرون ملک جنگوں میں ایرانی نظام کے ایجنٹوں پر پانی کی طرح بہایا جا رہا ہے۔

کانگریس آف نیشنلٹیز میں ایران کی 14 غیر فارسی جماعتیں اور تنظیمیں شامل ہیں۔

ادھر "ڈیموکریٹک کونسل" اور "کانگریس آف نیشنلٹیز فار اے ڈیموکریٹک ایران" میں شامل عرب جماعت "ڈیموکریٹک سولیڈیرٹی پارٹی آف الاہواز" نے ایک علاحدہ بیان میں سعودی عرب کے گنجان آباد شہروں پر میزائلوں کے ذریعے حالیہ جارحیت کی شدید مذمت کی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ "ہم اپنے سعودی بھائیوں کے ساتھ یک جہتی باور کراتے ہیں اور حوثیوں کو سپورٹ اور ہتھیار فراہم کرنے والے ممالک کی مذمت کرتے ہیں جن میں سرفہرست ایران میں حکمراں نظام ہے"۔