.

بل گیٹس نے "اقتصادی بحران" سے خبردار کر دیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مائیکروسوفٹ کمپنی کے شریک بانی بل گیٹس نے توقع ظاہر کی ہے کہ مستقبل قریب میں امریکا میں 2008ء جیسا مالیاتی بحران اور اقتصادی مندی جنم لینے والے ہیں۔ یہ بات انہوں نے خبروں اور سماجی امور سے متعلق ویب سائٹReddit سے خصوصی گفتگو میں کہی۔

مذکورہ اقتصادی بحران کے سال لاکھوں امریکی اپنی ملازمتوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ معیشت کو سنبھلنے میں کئی سال لگ گئے جب کہ لوگوں اور صنعتوں پر اس کے اثرات طویل عرصے تک رہے۔

گیٹس کے مطابق اقتصادی بحران آ رہا ہے تاہم انہوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ اس کا حتمی اثر مثبت ہو گا۔

ویب سائٹ کے پروگرام میں گیٹس کے ساتھ معروف امریکی کاروباری شخصیت وارن بوفے نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے اقتصادی بحران کے حوالے سے گیٹس کی بات کی تائید کی۔

اس موقع پر گیٹس کا کہنا تھا کہ "وارن نے سابقہ بحران کے بارے میں بہت اچھی طرح گفتگو کی تھی۔ وہ اس معاملے میں مجھ سے زیادہ مہارت رکھتے ہیں"۔

وارن بوفے کے مطابق "ترقی کے سال ہمارے منتظر ہیں امریکی بچوں کی اکثریت اُس زندگی سے بہتر زندگی گزاریں گے جو ان کے والدین نے گزاری"۔

پروگرام کے اختتام سے قبل حاضرین کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے گیٹس نے کہا کہ "ان تمام توقعات کے باوجود میں صورت حال کی بہتری کے حوالے سے بہت پُر امید ہوں"۔

وارن بوفے نے اپنی سرمایہ کاری کے حوالے سے اندیشوں کا شکار افراد سے کہا کہ "آپ لوگ معمولی مندی سے خوف زدہ نہ ہوں۔ اسی طرح معمولی تیزی پر فروخت کرنے میں جلدی نہ کریں۔ دونوں صورتوں میں جو خوف زدہ ہو جاتا ہے اس کے ہاتھ کچھ نہیں آتا"۔

انہوں نے مزید کہا کہ "اگر آپ حصص کو کم از کم دس برس کے لیے اپنے پاس رکھنے کو تیار نہیں تو پھر انہیں صرف دس سیکنڈز کے لیے اپنے پاس رکھنے کا نہ سوچیں"۔