.

سعودی عرب: حوثیوں کی جانب سے نجران پر داغا گیا بیلسٹک میزائل فضا میں تباہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

‏‫سعودی عرب کی فوج کے فضائی دفاعی نظام نے پیر کی شب حوثیوں کی جانب سے نجران پر داغا جانے والا بیلسٹک میزائل ناکارہ بنا دیا۔

حوثیوں کی جانب سے مملکت کے علاقے نجران کو مسلسل بیسلٹک میزائل اور راکٹوں کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے جس کے نتیجے میں جانی اور مادی نقصانات کا وقوع بھی ہوا۔

اتوار کی شام عرب اتحاد کے فضائی دفاعی نظام نے باغی حوثی ملیشیا کی جانب سے یمن کے مغربی ساحلی شہر المخا پر داغے جانے والے دو بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں تباہ کر دیا تھا۔

حالیہ کچھ عرصے میں حوثی ملیشیا نے یمن کے آزاد کرائے جانے والے صوبوں اور سعودی اراضی پر بیلسٹک میزائلوں کے حملوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب کہ حوثیوں کو زمینی طور پر پے در پے ہزیمتوں کا سامنا ہے اور تمام محاذوں پر اس کے گرد گھیرا تنگ ہوتا جا رہا ہے۔

یمن میں آئینی حکومت اور عرب عسکری اتحاد ایران پر الزام عائد کرتا ہے کہ وہ حوثی ملیشیا کو اس نوعیت کے بیلسٹک میزائل فراہم کر رہا ہے جو یمنی فوج کے اُس اسلحے خانے میں موجود نہیں تھے جن پر حوثیوں نے بغاوت کے بعد قبضہ کیا۔ اس بات کی تصدیق اقوام متحدہ کے ماہرین کی ٹیم کی رپورٹ میں بھی کی جا چکی ہے۔