.

سعودی سینماؤں میں دوسری فلم ’ایوینجرز : انفینٹی وار‘ دکھائی جائے گی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں سینما کی صنعت کا بدھ سے باقاعدہ ازسرنو آغاز ہوگیا ہے اور دارالحکومت الریاض میں امریکی کمپنی اے ایم سی انٹرٹینمنٹ کے تعاون سے شاہ عبداللہ مالیاتی مرکز میں قائم کیے گئے سینما میں ہالی ووڈ کی مقبول فلم بلیک پینتھر سب سے پہلے دکھائی جارہی ہے۔اب یہ اعلان کیا گیا ہے کہ ہالی ووڈ کی ایک اور شاندار فلم ’ایوینجرز : انفینٹی وار‘ دوسرے نمبر پر دکھائی جائے گی ۔

اس فلم کے پروڈیوسروں کا کہنا ہے کہ اس کو 26 اپریل سے سعودی عرب میں نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا ۔’ایوینجرز : انفینٹی وار‘کا دورانیہ دوگھنٹے 23 منٹ ہے اور اس کی کہانی سائنس فکشن پر مبنی ہے۔اس کے نمایاں کرداروں میں کیرن گیلان ،سکارلیٹ جہانسن ، کرس پراٹ اور انتھونی روسو شامل ہیں۔

بلیک پینتھر الریاض کے سینما ہال میں پانچ دن کے لیے دکھائی جائے گی۔ امریکا میں یہ فلم اب تک ساڑھے 66 کروڑ ڈالرز کا کاروبار کر چکی ہے اور شمالی امریکا کی تاریخ میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی یہ تیسری فلم ہے۔

سعودی عرب نے دسمبر 2017ء میں سماجی اصلاحات کے پروگرام کے تحت گذشتہ تین عشرے سے زیادہ عرصے سے جاری تجارتی سینماؤں پر عاید پابندی ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔سعودی عرب میں سینما گھر چلانے کے لیے امریکی کمپنی اے ایم سی کو لائسنس جاری کیا گیا ہے۔سعودی عرب کے ویژن 2030ء کے تحت آیندہ پانچ سال کے دوران میں 15 شہروں میں 40 سینماگھر کھولے جائیں گے۔2030ء تک 25 سعودی شہروں میں ایک سو تھیٹر قائم کیے جائیں گے۔