.

العوامیہ میں دہشت گردوں کے خاتمے کے بعد ترقیاتی کام ، برطانوی سفیر کیا کہتے ہیں؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں متعیّن برطانیہ کے سفیر سائمن پال کولیس نے مشرقی صوبے میں واقع شہر العوامیہ کے علاقے مسورہ میں سعودی حکام کی دہشت گردوں کے خلاف کارروائی اور اب اس فیصل نما علاقے میں مقامی آبادی کے لیے شروع کیے گئے ترقیاتی منصوبوں کو سراہا ہے۔

سفیر کولیس نے جمعرات کی صبح المسورہ کا دورہ کیا ہے اور وہاں سوسائٹی کی ترقی کے لیے حکومت کے اقدامات کو سراہا ہے۔انھوں نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوامیہ میں امن وامان کی بحالی کے لیے بہت زیادہ کوششیں اور سرمایہ کاری کی جارہی ہے۔

سعودی عرب کے مشرقی ریجن کے سیکریٹریٹ نے کچھ عرصہ پہلے چار دیواری میں واقع المسورہ میں بہت سے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ان میں ایک عوامی مارکیٹ ، ورثہ شاپ ، ثقافتی مرکز ، عوامی لائبریری ، جمنازیم ، کیفے ٹیریا ،ریستوراں اور ہال شامل ہیں ۔

اس کے علاوہ اس علاقے میں خواتین کا ایک کلب اور ایک تجارتی کمپلیکس بھی تعمیر کیا جائے گا۔بچوں کے لیے پارک اور پارکنگ کے لیے مخصوص جگہیں بھی تعمیر کی جا رہی ہیں تاکہ علاقے کے مکینوں کو ہر طرح کی تفریحی سہولتیں میسر آسکیں ۔