یمن: صالح الصماد کے جانشین اور حوثیوں کے سربراہ کے داماد کا پہلا فیصلہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

یمن میں باغیوں کی نام نہاد "سیاسی کونسل" (بین الاقوامی سطح پر غیر تسلیم شدہ) کے مقتول سربراہ صالح الصماد کی جگہ لینے والے مہدی المشاط نے منصب سنبھالنے کے بعد پہلا فیصلہ جاری کرتے ہوئے اپنے پیروکاروں میں سے 32 شخصیات کو شوریٰ کونسل کا رکن مقرر کر دیا ہے۔ مہدی المشاط حوثیوں کے سربراہ عبدالملک الحوثی کا داماد ہے۔

حوثیوں کے زیر انتظام یمنی خبر رساں ایجنسی نے اتوار کے روز مقرر کردہ شخصیات کے نام جاری کیے اور یہ تمام افراد الصماد دھڑے کے مخالفین میں سے ہیں۔ حوثی قیادت کے قریبی ذرائع نے اس تقرر کو حوثی ملیشیا کے الصماد دھڑے کی باقیات سے چھٹکارا حاصل کرنے کی جانب پہلا قدم قرار دیا ہے۔

ذرائع نے واضح کیا کہ حوثیوں کے سربراہ کے داماد کو سیاسی کونسل کا سربراہ مقرر کیا جانا ابھی تک بہت سے دھڑوں بالخصوص حوثی عبدالملک کے چچا زاد بھائی محمد علی الحوثی کی نظروں میں کھٹک رہا ہے کیونکہ وہ اس منصب کا خود کو زیادہ حق دار خیال کرتا ہے۔ اسی طرح عبدالملک کا چچا عبدالکریم امیر الدین الحوثی بھی اس فیصلے سے نالاں ہے جو حوثی ملیشیا کے اندر دست و گریباں دھڑوں میں سے ایک اہم دھڑے کا سرغنہ ہے اور اسے بھرپور اختیارات حاصل ہیں۔

یمنی باغیوں کے اندرونی ذرائع کے مطابق عبدالملک الحوثی کے چچا اور حوثی ملیشیا کے ایک اہم ترین متخاصم دھڑے کے عناصر کا تقرر اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ حوثی ملیشیا موجودہ پارلیمنٹ کے متبادل کے طور پر شوریٰ کونسل (دوسرا اہم ترین قانون ساز ایوان) پر انحصار کے لیے کوشاں ہے۔ اس لیے کہ پارلیمنٹ میں اکثریت سابق صدر علی عبداللہ صالح کی پارٹی پیپلز کانگریس سے تعلق رکھتی ہے۔ علی صالح کو حوثیوں نے شراکت داری ختم کرنے کے اعلان کے بعد قتل کر دیا تھا۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ موجودہ شوریٰ کونسل کی تحلیل کے بعد اس کا نیا نام "مجلسِ دانش مندان" ہو گا اور یہ قانون ساز اختیارات کے استعمال کے لیے پارلیمنٹ کے متبادل کے طور پر کام کرے گی۔

ابھی تک اس فیصلے پر حوثیوں کے سربراہ عبدالملک الحوثی کے چچا کا رد عمل معلوم نہیں ہو سکا ہے۔ آیا کہ وہ اسے قبول کر کے صنعاء پر اپنی حکمرانی سے دست بردار ہو گا یا نہیں۔ البتہ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ حوثیوں کے متحارب دھڑوں کے درمیان اختلافات کو مزید ہوا دے گا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں