.

ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق اسرائیلی فائلیں حقیقی اور مصدّقہ ہیں : امریکا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے باور کرایا ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے ہزاروں نئے دستاویزات اور معلومات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی جوہری پروگرام کے بارے میں اسرائیلی دستاویزات "حقیقی اور مصدّقہ" ہیں اور ان کا بڑا حصّہ امریکی ماہرین کے لیے نیا ہے۔

پیر کے روز طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پومپیو کا کہنا تھا کہ واشنگٹن ایرانی جوہری معاہدے کی اصلاح کے لیے سنجیدگی سے کام کر رہا ہے۔

اس سے قبل وہائٹ ہاؤس بھی پیر کے روز اعلان کر چکا ہے کہ ایرانی جوہری پروگرام کے بارے میں اسرائیل کی جانب سے اعلان کردہ معلومات اس حوالے سے "نئی اور قائل کرنے والی تفصیلات" فراہم کرتی ہیں کہ ایران ایسے جوہری ہتھیار تیار کرنے کی کوششیں کر رہا ہے جن کو میزائلوں کے ذریعے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

وہائٹ ہاؤس کے مطابق وہ اس سلسلے میں اسرائیل کی اعلان کردہ معلومات پر پوری توجہ سے غور کر رہا ہے۔

وہائٹ ہاؤس کا مزید کہنا تھا کہ "یہ حقائق ان باتوں سے میل رکھتے ہیں جن کا امریکا کو ایک طویل عرصے سے علم ہے.. اور وہ یہ کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیاروں کا ایک طاقت ور اور خفیہ پروگرام ہے جس کو اس نے دنیا سے چھپانے کی کوشش کی تاہم ناکام رہا"۔