.

بھارت میں طوفانی بارش اور مٹی کے طوفان سے 72 افراد ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

بھارت کے شمالی اور مغربی حصوں میں طوفانی بارش اور مٹی کے طوفان کی زد میں آکر تقریباً 72 افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔

ریلیف کمشنر سنجے کمار نے بتایا کہ اترپردیش کے شمالی شہر آگرہ میں تباہی کے اثرات انتہائی خطرناک ہیں جہاں لوگوں کے کچے گھر تیزہواؤں کے باعث مہندم ہو گئے اور بعض مقامات پر پر آسمانی بجلی گرنے کے واقعات بھی پیش آئے۔

انہوں نے بتایا کہ آگرہ میں بارش اور مٹی کے طوفان کے نتیجے میں 36 افراد چل بسے جن میں سے بعض آسمانی بجلی کی زد میں آکر القمہ اجل بنے ۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز بدھ کی رات 130 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والے ہواؤں نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا ہے۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق بھارتی ریاست راجستھان طوفانی بارش سے تقریباً 27 افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوئے۔

طوفانی بارش کے باعث لوگ خوفزدہ ہیں کیونکہ مون سون کی بارشوں کاسلسلہ شروع ہونے میں ابھی 6 ہفتے باقی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق تیز ہواؤں کے باعث شہریوں پر درخت اور دیواریں گرنے سے ہلاکتوں میں اضافہ ہوا۔

اترپردیش میں ریلیفر کمشنر ٹی پی گپتہ نے فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ‘ہم 46 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہیں، 75 اضلاع سے 41 افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں’۔