.

شہزادہ ہیری کا سوتیلا سالا میگھن سے شادی میں سماج کی دیوار بن گیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

برطانوی شہزادے ہیری کی منگیتر اور امریکی اداکارہ میگھن مارکل کے سوتیلے بھائی تھامس مارکل نے شاہی شادی رکوانے کے لیے شہزادہ ہیری کو خط بھیج دیا۔

دی انڈیپنڈنٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق تھامس مارکل نے بذریعہ خط شہزادے ہیری کو خبردار کیا کہ 'اب بھی وقت ہے وہ شادی سے انکار کردیں کیونکہ میگھن ان کے قابل نہیں ہیں'۔

انہوں نے لکھا کہ 'میگھن خود غرض، فریبی اور سرد مزاج ہیں اور شاہی خاندان میں ان کا اضافہ مثبت ثابت نہیں ہو گا'۔

انہوں نے خط میں لکھا کہ 'میگھن کو پتہ ہے کہ ان کی عمر بڑھتی جارہی ہے، جس سے ان کا فلمی کیریئر متاثر ہوگا، یہی وجہ ہے کہ وہ شہرت حاصل کرنے کے لیے شاہی خاندان سے رشتہ جوڑ رہی ہیں'۔

تھامس مارکل نے لکھا کہ 'وہ حیران ہیں کہ شہزادہ ہیری کو میگھن کا اصلی چہرہ کیوں نظر نہیں آ رہا، جو لڑکی اپنے خاندان کی نہیں ہو سکتی وہ کسی اور کی کیا ہوگی؟'

انہوں نے لکھا کہ 'وہ اپنے والد کے احسانات کو بھلا چکی ہیں اور ان کو خسارے میں ڈال کر خود اپنی زندگی میں مگن ہوگئی ہیں'۔

تھامس مارکل نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ان کی اپنی سوتیلی بہن سے 2011 کے بعد سے ملاقات نہیں ہوئی، ان کا مزید کہنا تھا کہ میگھن نے اپنی شادی میں انجان لوگوں کو دعوت نامہ بھیجا ہے لیکن اپنے اہل خانہ کو مدعو نہیں کیا۔

انہوں نے لکھا کہ 'میگھن شاہی خاندان میں شہزادی ڈیانا کی طرح مخلص ثابت نہیں ہوسکتیں اور نہ ہی ان کی طرح ذمہ داریاں پوری کرسکتی ہیں'۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی تھامس مارکل نے گزشتہ ماہ میگھن پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنی حد سے تجاوز کرتے ہوئے اپنے آپ کو اچھا ثابت کرنے کی کوشش میں ہیں جو کہ وہ نہیں ہیں۔

یاد رہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی شادی 19 مئی کو مغربی لندن میں ہو گی جس کے دعوت نامے تقسیم ہو چکے ہیں۔