صعدہ میں 100 ایرانی ماہرین حوثی باغیوں کوعسکری مدد مہیا کررہے ہیں: یمنی فوج

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
4 منٹس read

یمنی فوج نے گذشتہ چند روز کے دوران میں شمالی صوبے صعدہ میں ایک سو سے زیادہ ایرانی ماہرین کی سرگرمیوں کی نگرانی کی ہے ۔وہ حوثی ملیشیا کو لاجسٹیکل اور ٹیکنیکل امداد مہیا کرنے کے علاوہ بیلسٹک میزائلوں سمیت درمیانے اور بھاری ہتھیار چلانے کی تربیت دے رہے ہیں۔یہ ہتھیار صعدہ شہر اور اس کے نزدیک واقع غاروں کے اندر نصب کیے گئے ہیں ۔

یمن کے عسکری ذرائع کے مطابق حوثی ملیشیا نے حال ہی میں ایرانی ماہرین کو بڑی تعداد میں صعدہ بھیجنا شروع کیا تھا۔ یہ صوبہ باغیوں کے لیڈر عبدالملک الحوثی کی جائے پیدائش ہے اور ان کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ اسی صوبے میں کہیں غاروں میں روپوش ہیں ۔

صعدہ شہر ہی میں حوثی ملیشیا نے یمنی فوج کے اسلحہ ڈپوؤں سے ستمبر 2014ء میں بغاوت برپا کرنے کے بعد چھینے گئے ہتھیار ذخیرہ کررکھے ہیں ۔اب یمنی فوج نے حوثی باغیوں کے خلاف پیش قدمی کرتے ہوئے صعدہ کا پانچ اطراف سے محاصرہ کر لیا ہے اور وہ ان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی تیاریوں میں ہے۔

یمنی فوج حوثیوں کے خلاف اس فیصلہ کن چڑھائی سے قبل ان کے بارے میں انٹیلی جنس معلومات اکٹھی کررہی ہے۔اس کو حوثی ملیشیا کے گرفتار کیے گئے دس فیلڈ کمانڈروں سے مفید معلومات دستیاب ہوئی ہیں ۔ان کے علاوہ فوج کے سراغرساں ادارے کی کارروائیوں سے بھی ایرانی ماہرین کی صعدہ شہر میں موجودگی کے بارے میں مفید معلومات ملی ہیں۔یہ پتا چلا ہے کہ وہ حوثی ملیشیا کو بارودی سرنگیں بچھانے اور بھاری ہتھیاروں ، فوجی آلات اور میزائلوں کو چلانے کی تربیت دے رہے ہیں ۔

اخبار الشر ق الاوسط نے یمنی فوج کے بریگیڈئیر عبد ہ مجالی کے حوالے سے بتایا ہے کہ حوثی ملیشیا کے دس مستقل فیلڈ کمانڈروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ان کے علاوہ متعدد حوثی کمانڈر عرب اتحادی فوج کے فضائی حملوں میں مارے گئے ہیں اور اس سے حوثی ملیشیا کو بھاری دھچکا لگا ہے۔

انھوں نے مزید بتایا ہے کہ فوج نے صعدہ میں ایک سو ایرانی ماہرین کی سرگرمیوں کو مانیٹر کیا ہے، وہ وہاں حوثیوں کو میزائلوں کی تیاری اور انھیں چلانے کی تربیت سمیت مختلف نوعیت کی امداد مہیا کررہے ہیں ۔اب فوج حوثی ملیشیا کا پانچ اطراف سے گھیراؤ کررہی ہے اور مسلسل پیش قدمی کرتے ہوئے ان کے گرد گھیرا مزید تنگ کررہی ہے جس کے بعد وہ اپنے ٹھکانوں اور پوزیشنوں سے راہ فرار اختیار کرکے صعدہ شہر کے نزدیک واقع دیہات کی جانب جارہے ہیں ۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں