.

حوثی باغی ایران کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہے ہیں: صدر ھادی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن کے صدر عبد ربہ منصور ھادی نے کہا ہے کہ وہ یمن کو علاقائی امن تباہ کرنے والی قوتوں کی گذرگاہ نہیں بننے دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے اپنے عرب اتحادیوں کے ساتھ مل کر باغیوں کو کچلنے کا عزم کر رکھا ہے۔ حوثی ملیشیا یمن میں ایران کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہی ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق یمنی صدر نے ان خیالات کا اظہار ماہ صیام کی آمد کی مناسبت سے قوم سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران نواز حوثی باغیوں نے یمن کو بدترین تباہی سے دوچار کر دیا ہے۔ مگر اب وقت اگیا ہے کہ حوثیوں کے خلاف فیصلہ کن عسکری کارروائی کر کے ملک کو دہشت گردوں سے پاک کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی رجیم کے مذہبی ملا عرب خطے پر تسلط جمانے کا خوب دیکھ رہے ہیں مگر ان کی توسیع پسندانہ شہنشاہیت ایک سراب ثابت ہوگی۔ ایران دوسرے ممالک اور اقوام کو تباہ کر کے ان کے ملکوں پر قبضہ کرنے کی سازشوں میں کامیاب نہیں ہوگا۔

صدر ھادی کا کہنا تھا کہ یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف جاری لڑائی کا ایک بڑا حصہ مکمل کر لیا گیا ہے۔ انشاء اللہ ہم جلد ہی فتح مبین حاصل کریں گے۔

انہوں نے یمن میں باغیوں کے خلاف آپریشن میں عسکری مدد کرنے پر عرب ممالک کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عرب عسکری اتحادی کی معاونت سے یمنی فوج ملک کا ایک بڑا حصہ باغیوں سے چھڑانے میں کامیاب ہوئی ہے۔ اب ہمیں باغیوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی تیاری کرنا ہے۔