.

صنعاء میں باغیوں کے ٹھکانوں پر اتحادی طیاروں کی شدید بمباری

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

عرب اتحادی فوج نے یمن کے دارالحکومت صنعاء میں کئی مقامات پر حوثی باغیوں کے اسلحہ کے مراکز اور ان کےعسکری کیمپوں پر شدید بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں باغیوں کو غیر معمولی جانی اور مالی نقصان پہنچا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق اتوار کو یمن میں آئینی حکومت کی معاون عرب فوج کے جنگی طیاروں نے جنوبی صنعاء میں الحفا کیمپ، جبل نقم اور جنوب میں جبل النقم میں باغیوں کے ٹھکانوں پر بم باری کی۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ صنعاء کے جنوب مغربی ساحلی علاقوں میں طیاروں کی جانب سے بمباری سے قبل شہری آبادی پر پمفلٹ گرائے گئےجن میں شہریوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ لڑائی کے علاقوں سے دور رہیں تاکہ انہیں کسی قسم کا جانی نقصان نہ پہنچے۔

یمن کے عسکری ذریعے کا کہنا ہے کہ ساحلی ڈاریکٹوریٹ التحیتا میں حوثی ملیشیا کے خلاف ایک کارروائی کے دوران متعدد جنگجوؤں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان میں میھار منتظری نام کا ایک ایرانی افسر بھی شامل ہے۔

ادھر ملک کے شمالی شہر صعدہ میں عسکری ذرائع کے مطابق فوج کے ساتھ لڑائی میں حوثیوں کے الحسین بریگیڈ کے سربراہ احمد محمد علی العابد اپنے کئی ساتھیوں سمیت مارا گیا۔