فرانسیسی عدالت میں طارق رمضان کی رہائی کی درخواست مسترد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

فرانس میں اپیل کورٹ نے منگل کے روز عصمت ریزی اور اخلاق باختگی کے مقدمے میں گرفتار پروفیسر طارق رمضان کی رہائی کی درخواست مسترد کیے جانے کی توثیق کر دی۔ اُن پر چار خواتین کی جانب سے آبرو ریزی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ سوئس شہریت کے حامل طارق رواں برس فروری سے زیر حراست ہیں۔

طارق کی غیر حاضری میں عدالت کی سماعت کے دوران وکیل دفاع امانوئل مارسینی نے ایک بار پھر 55 سالہ پروفیسر کی ناساز طبیعت کو بنیاد بنایا۔ انہوں نے کہا کہ الزام عائد کرنے والی خواتین کے بیانات میں تضاد پایا جاتا ہے۔

مارسینی کا کہنا تھا کہ "ایسی صورت میں جب کہ طارق کی رہائی ممکن ہو، اُن کے جیل میں رہنے کا جواز نہیں۔ ہم نے ضمانت یا نظر بندی صورت میں ان کے جیل سے باہر آنے اور ان کا پاسپورٹ حوالے کرنے کی درخواست کی"۔

اس سے قبل عدالت نے چار مئی کو طارق رمضان کی رہائی کی درخواست مسترد کر دی تھی۔

طارق ایک اعصابی بیماری Multiple Sclerosis میں مبتلا ہیں۔ ایک ماہر خاتون ڈاکٹر نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ طارق کی صحت اس قابل ہے کہ انہیں جیل میں رکھا جا سکے۔

استغاثہ کی جانب سے زور دیا جا رہا ہے کہ طارق رمضان کے فرانس میں رہنے کو یقینی بنائے جانے کی ضرورت ہے اور شکایت کنندہ خواتین کو کسی بھی ممکنہ دباؤ سے محفوظ رکھا جائے۔

طارق کے وکیل نے ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے کہ ان کے مؤکل کا نئے سرے سے طبی معائنہ کیا جائے۔ وکیل کے مطابق طارق کی صحت بگڑ گئی ہے اور جیل میں ان کو مطلوبہ علاج کی سہولت میسر نہیں۔

اس معاملے نے گزشتہ برس اکتوبر میں سر اٹھایا تھا جب دو خواتین نے طارق رمضان کے خلاف شکایت کی تھی جب کہ رواں برس مارچ میں ایک تیسری خاتون بھی شامل ہو گئی۔

بعد ازاں چوتھی خاتون نے جنیوا میں طارق کے خلاف عصمت ریزی کا الزام عائد کیا۔

عدالت نے اگلی سماعت کے لیے 5 جون کی تاریخ مقرر کی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں