.

پرواز کے اغوا کی کوئی کوشش نہیں ہوئی، اکھڑ مسافر کی وجہ سے واپس اتارا گیا: فلائی دبئی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

دبئی کی سرکاری فضائی کمپنی فلائی دبئی نے ان اطلاعات کی تردید کی ہے جن میں کہا گیا ہے کہ اس کے ایک مسافر طیارے کو ایران کی فضائی حدود میں پرواز کے دوران اغوا کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔

فلائی دبئی نے وضاحت کی ہے کہ بدھ کی صبح دبئی سے افغان دارالحکومت کابل جانے والی پرواز ایف زیڈ 301 کو ایک اکھڑ مسافر کے نازیبا رویے کی وجہ سے واپس دبئی کے بین الاقوامی اڈے پر اتارا گیا تھا۔

دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈےکے حکام نے اس اکھڑ مسافر کو پرواز کے عملہ کی شکایت پر حراست میں لے لیا تھا اور اس کے بعد یہ پرواز باقی مسافروں کو لے کر مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 31 منٹ پر اپنی جائے منزل کابل کی جانب روانہ ہوگئی تھی۔

فضائی کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر اس پرواز سے متعلق پھیلائی گئی جھوٹی اور غلط رپورٹس سے آگاہ ہے ۔اس واقعے کی ابھی تحقیقات کی جارہی ہے اور جوں ہی مزید معلومات ملتی ہیں تو انھیں عوام کے لیے جاری کیا جائے گا۔