.

سعودی فوج نے جازان میں حوثیوں کا ایک اور بیلسٹک میزائل مار گرایا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کی فضائی ڈیفنس فورس نے جمعرات کو علی الصباح یمن کے حوثی باغیوں کی طرف سے داغا گیا ایک اور بیلسٹک میزائل سرحدی شہر جازان میں مار گرایا۔

گذشتہ سوموار کو بھی یمن کے شہر صعدہ سے حوثی باغیوں نے جازان شہر پر ایک بیلسٹک میزائل حملہ کیا تھا جسے ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی تباہ کر دیا گیا تھا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی حکام نے بتایا کہ یمن سے جازان میں داغا گیا میزائل ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی مار گرایا گیا۔ اس واقعے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

یمن میں آئینی حکومت کی مدد کے لیے قائم عرب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ حوثیوں کی طرف سے سعودی عرب میں شہری آبادی کو دانستہ طورپر نشانہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ حوثی باغی گذشتہ کچھ عرصے کے دوران سعودی عرب پر ایک سو سے زیادہ بیلسٹک میزائل حملے کر چکے ہیں۔ سعودی محکمہ دفاع کی طرف سےفوری کارروائی کرکے ان حملوں کو ناکام بنا کر ملک کو تباہی سے بچالیا گیا۔

قبل ازیں ہفتے کو سعودی عرب کے جنوبی شہر خمیس مشیط کی طرف داغا گیا ایک میزائل بھی مار گرایا گیا تھا۔