.

جنوبی کوریا کے صدر کی شمالی کوریا کے لیڈر کِم جونگ اُن سے ملاقات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

جنوبی کوریا کے صدر مون جائی اِن نے شمالی کوریا کے لیڈر کِم جونگ اُن سے ملاقات کی ہے اور ان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ہونے والی ممکنہ ملاقات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔دونوں کوریا کے لیڈروں کے درمیان گذشتہ دو ماہ میں یہ دوسری ملاقات ہے۔

مون اور کِم میں ہفتے کی سہ پہر یہ ملاقات دونوں ملکوں کے درمیان سرحد کے مشرقی جانب غیر فوجی علاقے میں واقع گاؤں پن منجوم میں ہوئی ہے۔ جنوبی کوریا کے ایوان صدر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق انھوں نے شمالی کوریا اور امریکا کے درمیان سربراہ ملاقات کے لیے سازگار حالات پیدا کرنے کے حوالے سے بات چیت کی ہے۔

بیان کے مطابق جنوبی کوریا کے صدر مون اتوار کی صبح کِم جونگ اُن سے دو گھنٹے کی اس ملاقات کی تفصیل کا اعلان کریں گے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو شمالی کوریا کے لیڈر کِم جونگ اُن سے 12 جون کو سنگاپور میں ہونے والی اپنی طے شدہ ملاقات منسوخ کردی تھی اور کہا تھا کہ انھوں نے شمالی کوریا کے لیڈر کے امریکا مخالف حالیہ تندوتیز بیانات کے بعد اس ملاقات کو مسونخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔