ابو ظبی : عدالت نے فراڈ کیس کے 28 مجرموں کو 284 سال قید کی سزا سنا دی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظبی میں ایک فوجداری عدالت نے پانچ ممالک سے تعلق رکھنے والے 28 افراد کو 17 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز کے سرمایہ کاری اسکینڈل میں قصور وار قرار دے دیا ہے اور انھیں مجموعی طور پر 284 سال قید کی سزا سنائی ہے۔

انھوں نے فراڈ ،دھوکا دہی اور منی لانڈرنگ سے یو اے ای کے بنکوں سے مذکورہ رقوم اینٹھ لی تھیں۔ان 28 مدعا علیہان کا تعلق امریکا ، بھارت ، پاکستان ، روس اور کینیڈا سے ہے۔

عدالت کے فیصلے کے مطابق ان میں سے آٹھ مدعاعلیہان کو 15 ، 15 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔10 کو 10،10 سال ، نو کو اپنے بنک کھاتوں میں رقوم منتقل کرنے کے جرم میں سات ، سات سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔عدالت نے ایک مجرم کو ایک سال قید کی سزا کا حکم دیا ہے۔قید کی مدت پوری ہونے کے بعد انھیں یو اے ای سے بے دخل کردیا جائے گا۔

عدالت میں ان ملزموں کے خلاف یو اے ای کے دفتر برائے عمومی استغاثہ کے دو افسر پیش ہوئے تھے اور انھوں نے شواہد پیش کیے تھے۔ ابو ظبی کے محکمہ تفتیش جرائم نے ان کے خلاف ملک کے بنکوں سے اپنے بنک کھاتوں میں رقوم منتقل کرنے کی تحقیقات کی تھی۔

انھوں نے برقی ترسیلات کے ذریعے مختلف بنکوں میں پانچ کمپنیوں کے بنک کھاتوں میں یہ رقوم منتقل کی تھیں۔یہ رقوم بعد میں یو اے ای ہی میں مختلف بنک کھاتوں میں منتقل کی جانا تھی لیکن اس سے پہلے ہی ان کا یہ اسکینڈل پکڑا گیا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں