.

مصر: گدھے کا پیشاب نوجوان کے قتل اور اس کی ماں کی وفات کا سبب

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر کے صوبے الشرقیہ کے شہر زقازیق کے نواحی گاؤں میں دو خاندانوں کے درمیان جھگڑے میں ایک نوجوان ہلاک اور اس کا بھائی زخمی ہو گیا۔ دونوں افراد کی ماں کو جب یہ خبر ملی تو وہ یہ صدمہ برداشت نہ کر سکی اور چل بسی۔

واقعے کا افسوس ناک ترین پہلو یہ ہے کہ یہ جھگڑا دونوں خاندانوں کے ایک فرد کے گھر کے سامنے گدھے کے پیشاب کر دینے کی وجہ سے ہوا۔

شہر کی پولیس کے مطابق تل حوین گاؤں میں دو خاندانوں کے بیچ آتشی اسلحے کے ساتھ جھگڑے کے نتیجے میں احمد نامی ایک نوجوان جاں بحق اور اس کا بھائی ہانی زخمی ہو گیا۔ دونوں نوجوانوں کی ماں کو یہ خبر پہنچی تو وہ دل کا دورہ پڑنے سے فوری طور پر وفات پا گئی۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ خاندانوں میں سے ایک خاندان کی ملکیت میں موجود گدھے نے دوسرے خاندان کے ایک فرد کے گھر کے آگے پیشاب کر دیا۔ اس پر گھر کے مالک اور گدھے کے مالک کے بیچ پہلے ہاتھا پائی ہوئی جس میں دونوں خاندانوں کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر گاؤں کی پنچائیت نے مداخلت کر کے صلح کروا دی۔

تاہم مصالحتی بیٹھک کے چند روز بعد دونوں خاندانوں کے بیچ ایک بار پھر زبانی تلخ کلامی شروع ہو گئی اور نوبت مار پیٹ تک جا پہنچی۔ اس موقع پر آتشی اسلحہ بھی استعمال کیا گیا۔

سکیورٹی فورسز نے جھگڑے میں ملوث فریقین کے کئی افراد کو حراست میں لے لیا جب کہ بڑی تعداد میں آتشی اسلحہ ضبط کر لیا گیا۔ استغاثہ کی جانب واقعے کی تحقیقات شروع ہو گئی ہیں۔