.

سعودی فٹ بال ٹیم عالمی کپ 1994ء کا ریکارڈ توڑنے کا عزم لیے روس پہنچ گئی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کی قومی فٹ بال ٹیم 1994ء میں منعقدہ عالمی کپ کا اپنا ہی ریکارڈ توڑنے کا عزم لیے روس کے شہر سینٹ پیٹرز برگ پہنچ گئی ہے۔

سینٹ پیٹرز برگ کے ہوائی اڈے پر ماسکو میں متعیّن سعودی سفیر ڈاکٹر راعد بن خالد قرملی اور سفارتی عملہ کے سینیر ارکان نے ٹیم کا خیرمقدم کیا۔

سعودی ٹیم میزبان روس کے ساتھ جمعرات کو ٹورنا منٹ کا افتتاحی میچ کھیلےگی۔سعودی عرب اور روس کی ٹیمیں گروپ اے میں شامل ہیں۔ اسی گروپ میں مصر اور یوروگوائے کی قومی ٹیمیں بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کی فٹ بال ٹیم نے 1994ء میں امریکا میں کھیلے گئے عالمی کپ کے دوسرے راؤنڈ میں پہنچنے میں کامیاب ہوگئی تھی۔اس نے ارجنٹینا سے تعلق رکھنے والے کوچ سولاری کی رہ نمائی میں پہلے راؤنڈ میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا تھا اور اپنے گروپ میں 6 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست رہی تھی۔

سعودی ٹیم نے مراکش کی ٹیم کو دو ایک اور بیلجیئم کی ٹیم کو ایک صفر سے ہرایا تھا ۔البتہ وہ ہالینڈ کے خلاف میچ میں دو ایک سے ہار گئی تھی۔وہ اس ٹورنا منٹ میں پری کوارٹر فائنل راؤنڈ میں سویڈن سے ایک کے مقابلے میں تین گو ل سے ہار گئی تھی۔

سعودی ٹیم اس کے بعد فرانس میں 1998ء کوریا اور جاپان میں 2002ء اور جرمنی میں 2006ء میں کھیلے گئے فٹ با ل عالمی کپ کے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکی تھی اور پہلے ہی راؤنڈ میں ان ٹورنا منٹوں سےباہر ہوگئی تھی۔