.

شمالی کوریا کے سربراہ کی سنگاپور پہنچ جانے کی خبریں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی کوریا کے سربراہ کِم یونگ اُن اتوار کے روز سنگاپور پہنچ گئے ہیں۔

سنگاپور کے اخبار "اسٹریٹ ٹائمز" کا کہنا ہے کہ کِم "ایئر چائنا" کے طیارے کے ذریعے چانگی ایئرپورٹ پہنچے۔

ادھر جنوبی کوریا کی نیوز ایجنسی "یون ہیپ" کے مطابق ایئر چائنا کے طیارے نے جس پر متوقع طور پر کِم یونگ اُن سوار تھے دوران پرواز اپنا رُوٹ اور پرواز نمبر تبدیل کر دیا۔ ایجنسی کا کہنا ہے کہ بوئنگ 747 طیارہ اتوار کو علی الصبح پیانگ یانگ سے روانہ ہوا تو اس کا پرواز نمبرCA122 تھا جس کو بیجنگ جانا تھا تاہم سفر کے دوران ہی پرواز نمبر تبدیل ہو کرCA61 ہو گیا اور اس کا رخ سنگاپور کی جانب تھا۔

ابھی تک اس امر کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ آیا اس طیارے پر شمالی کوریا کے سربراہ سوار تھے جن کی سنگاپور میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ سربراہ ملاقات مقرر ہے۔

دوسری جانب ٹوئیٹر پر ایک تصویر گردش میں آئی ہے جس میں سنگاپور کے چانگی ایئرپورٹ پر نظر آنے والے محافظین کے بارے میں کہا گیا ہے کہ یہ وہ ہی افراد ہیں جنہوں نے جنوبی کوریا کے دورے کے دوران کم یونگ اُن کو پہرے میں لیا ہوا تھا۔