.

سنگاپور سربراہ ملاقات نے دنیا کو جوہری سانحے سے بچا لیا : ٹرمپ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ منگل کے روز شمالی کوریا کے سربراہ کِم جونگ اُن کے ساتھ اُن کی تاریخی ملاقات نے دنیا کو "جوہری آفت" سے محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

ٹرمپ نے اپنی ٹوئیٹ میں کہا کہ "دنیا نے ایک ممکنہ جوہری المیے سے دوری کے لیے بڑا قدم اٹھا لیا"۔ انہوں نے مزید کہا کہ "میزائل داغنے کی کارروائیاں یا جوہری تجربات یا تحقیق یہ سب کچھ اب مزید نہیں ہو گا ! یرغمال افراد وطن لوٹ گئے اور اب اپنے گھر والوں کے ساتھ ہیں۔ رہبر کِم جونگ آپ کا بے حد شکریہ ، ہمارا ساتھ گزرا دن یقینا تاریخی تھا !"

دوسری جانب شمالی کوریا کے سربراہ نے باور کرایا ہے کہ ان کے ملک کا جوہری ہتھیاروں سے غیر مسلح ہونا واشنگٹن اور پیانگ یانگ کا ایک دوسرے کے خلاف معاندانہ سرگرمیاں روکنے کے ساتھ مشروط ہے۔

شمالی کوریا کی سرکاری خبر ریساں ایجنسی نے بدھ کے روز بتایا کہ کم جونگ اُن نے واضح کیا ہے کہ "جزیرہ نما کوریا میں امن و استحکام کو مضبوط بنانے اور جوہری ہتھیاروں کی تلفی کو یقینی بنانے کے واسطے دونوں ملکوں پر لازم ہے کہ وہ دشمنانہ سرگرمیوں کے روکے جانے کا عہد کریں تاکہ ایک دوسرے کو سمجھ سکیں"۔