.

سعودی شاہ سلمان کا عید الفطر کے موقع پر تمام مسلمانوں کے لیے تہنیتی پیغام

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مملکت کے شہریوں اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید الفطر کے موقع پر مبارک باد دی ہے۔

شاہ سلمان نے شوّال کا چاند نظر آنے کے بعد سعودی شہریوں اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے نام ایک تفصیلی تہنیتی پیغام جاری کیا ہے۔ انھوں نے اللہ کے بابرکت نام سے اپنا پیغام شروع کیا ہے جو رحمان اور الرحیم ہے۔ ، تمام تعریفیں اللہ تعالیٰ کے لیے ہیں جو اس جہاں کا پالنہار ہے۔اس کے بعد پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم ،ان کے اہل بیت اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کا ذکر کیا ہے۔

پھر وہ سعودی عرب میں بہنوں ، بھائیوں اور دنیا بھر میں مسلم بھائیوں سے مخاطب ہوئے ہیں اور کہا ہے کہ ’’ میں اللہ تعالیٰ کے پاک گھر سے عید الفطر کے موقع پر آپ سب لوگوں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔اللہ کا شکر ہے کہ ہم رمضان اور روزوں کی تکمیل میں کامیاب ہوئے ہیں۔ہم اللہ سے دعا گو ہیں کہ وہ ہمارے اچھے اعمال اور نیکیوں کو قبول فرمائے۔

عزیز بھائیو! اللہ نے عبادت کے بعد عید کا یہ دن خوشیاں منانے کے لیے بنایا ہے۔یہ ہمدردی ، رواداری اور یک جہتی کی اقدار کے احیا کا دن ہے۔ہم اللہ سے دعا گو ہیں کہ وہ اس کو تمام مسلمانوں کے لیے خوشیوں بھرا دن بنادے اور اس کو اسلامی قوم کے لیے خیر سے بھر دے۔اللہ کی روشن کتاب کے بعد عید اس کے عظیم پیغمبر صلی اللہ علیہ وسلم کا ہمارے لیے ایک تحفہ ہے۔

میرے مسلم بھائیو!

ہم اللہ تعالیٰ کے شکرگزار ہیں جس نے ہمیں سعودی مملکت کی قیادت اور الحرمین الشریفین میں لوگوں کی خدمت گزاری کا اعزاز بخشا ۔ہم اللہ کے شکر گزار ہیں کہ ہم مملکت کے بانی شاہ عبدالعزیز، ان کے بیٹوں اور اس مملکت کے بادشاہوں کی اختیار کردہ روادار اسلام کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں۔ ہم اسلامی قوم کے درمیان اتحاد اور یک جہتی کے خواہاں ہیں اور سخت گیری اور انتہا پسندی کی مذمت کرتے ہیں۔

میرے بھائیو اور بہنو!

ہمارے لیے اللہ تعالیٰ نے جو کچھ بھی پوشیدہ اور خفیہ کیا ہے،ہم اس پر اس کے شکر گزار ہیں اور اس سے دعا گو ہیں کہ دنیا میں ہر کہیں مسلمانوں کے حالات کو بہتر بنائے ، ہمیں نیک اور اچھے کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ہمیں اور پوری دنیا کو ہر طرح کی برائیوں سے بچائے۔دین اور مادر وطن کے لیے جانیں قربان کرنے والے ہمارے شہداء اور وفات پا جانے والے تمام مسلمانوں پر اللہ رحم فرمائے اور ان کی بخشش فرمائے۔ وہ دعاؤں کو سننے اور قبول کرنے والا ہے‘‘۔