.

دو ’’حمد نظاموں‘‘ نے قطر کو طوائف الملوکی کے کنارے لاکھڑا کیا : شیخ سلطان بن سحیم

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

قطر کے شاہی خاندان کے رکن شیخ سلطان بن سحیم نے کہا ہے کہ حکمراں اس ننھی خلیجی ریاست کو طوائف الملوکی کی جانب لے جارہے ہیں۔

انھوں نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہاہے کہ ’’ دو حمد رجیم قطری عوام کو طوائف الملوکی اور افراتفری کی جانب دھکیل رہے ہیں‘‘۔ وہ قطر کے سابق امیرشیخ حمد بن خلیفہ اور سابق وزیر خارجہ اور وزیر اعظم حمد بن جاسم بن جابر کا حوالہ دے رہے تھے جو گذشتہ دو عشرے سے زیادہ عرصے تک قطر کے سیاہ وسفید کے مالک رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ’’ اب کہ تیسری عید گزر گئی ہے اور میرا ملک بائیکاٹ کی وجہ سے ابھی تک خطے میں تنہائی کا شکار ہے۔اللہ قطر کے عوام کو رجیم اور اس کے جرائم کے خلاف صبر واستقامت عطا کرے‘‘۔

سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات ، مصر اور بحرین نے گذشتہ سال جون سے قطر کا بائیکاٹ کررکھا ہے ۔شیخ سلطان بن سحیم نے گذشتہ سال منائی گئی عید الفطر اور عید الاضحیٰ کا ذکر کیا ہے۔ قطر کے بائیکاٹ کے بعد جمعہ کو تیسری عید منائی گئی ہے۔

شیخ سلطان نے کہا:’’ ہمارا ملک تباہی کے کنارے کھڑا ہے جبکہ تنہائی کا شکار رجیم نے گماشتوں پر انحصار جاری رکھا ہو اہے حالانکہ وہ خود اپنے اپنے مفادات کے حصول کے لیے کوشاں ہیں اور وہ ہمارے عوام کو درپیش خطرے پر کوئی توجہ مرکوز نہیں کررہے ہیں۔جب کشتی ڈوبے گی تو ایک روز یہ گماشتہ مسلح گروپ قطر کو تنہا چھوڑ جائیں گے‘‘۔

شیخ سلطان بن سحیم نے اسی ہفتے مختلف ٹویٹس میں ایرانی رجیم کی طرف داری پر قطری حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔انھوں نے ایک ٹویٹ میں لکھا تھاکہ ’’ قطری کے طور پر ہمارے لیے اس سے بڑی شرم کی بات اور کوئی نہیں ہو سکتی کہ ایک کے بعد دوسرا ا حمد رجیم فارسیوں کا دفاع کررہا ہے مگر کس کے خلاف؟ وہ سعودی ، اماراتی ، بحرینی اور کویتی بھائیوں کے خلاف فارسیوں کا دفاع کررہا ہے۔اگر یہ شرم کی بات نہیں تو پھر یہ کیا ہے؟‘‘

شیخ سلطان کے والد شیخ سحیم بن حمد بن عبداللہ آل ثانی قطر کے حکمراں خاندان کے رکن تھے اور وہ اس خلیجی ریاست کے پہلے وزیر خارجہ رہے تھے۔ان کے بھائی خلیفہ بن حمد آل ثانی تب امیر قطر تھے۔شیخ سحیم کے بیٹے سلطان اب قطر کے موجودہ امیر شیخ تمیم بن حمد کی قیادت میں حکمراں خاندان کی شدید مخالفت کررہے ہیں۔انھوں نے گذشتہ سال جون میں قطر کا بائیکاٹ کرنے والے چار عرب ممالک کے مؤقف کی کھل کر حمایت کی تھی ۔ان ممالک کا کہنا تھا کہ قطر دہشت گردی کی معاونت کررہا ہے اور دہشت گرد گروپوں کو پروان چڑھا رہا ہے۔