عراق: سپریم کورٹ نے پارلیمانی انتخابات کے ووٹوں کی ہاتھوں سے دوبارہ گنتی کی توثیق کردی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
4 منٹس read

عراق کی عدالتِ عظمیٰ نے 12 مئی کو منعقدہ پارلیمانی انتخابات میں ڈالے گئے تمام ووٹوں کی ہاتھوں سے گنتی کی توثیق کردی ہے لیکن بیرون ملک ڈالے گئے ووٹوں اور داعش کے خلاف جنگ میں بے گھر ہونے والے افراد کے ووٹوں کو منسوخ کرنے سے انکار کردیا ہے۔

عدالت عظمیٰ سے قبل پارلیمان نے ووٹوں کی ہاتھوں سے دوبارہ گنتی کے لیے ایک قانون منظور کیا تھا اور صدر فواد معصوم اور قومی الیکشن کمیشن کے اقدامات کو انتخابات میں سیاسی مداخلت قراردیا تھا۔

پارلیمانی انتخابات میں شکست سے دوچار ہونے والی سیاسی جماعتیں اور موجودہ ارکان اسمبلی ووٹوں کی دوبارہ گنتی یا پھر سرے سے نئے انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ کررہے ہیں۔موجودہ پارلیمان کے دو تہائی ارکان انتخابات میں شکست سے دوچار ہوگئے تھے یا پھر انھو ں نے انتخابات میں حصہ نہیں لیا تھا۔

سپریم کورٹ نے قراردیا ہے کہ پارلیمان کی ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے قانون سازی آئینی ہے ۔اس نے آزاد الیکشن کمیشن کی جگہ نو ججوں پر مشتمل ایک آزاد پینل کے قیام کے حکم کی بھی توثیق کی ہے۔یہ پینل کل ڈالے گئے قریباً ایک کروڑ دس لاکھ ووٹوں کی دوبارہ ہاتھوں سے گنتی کے عمل کی نگرانی کرے گا۔الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل میں فراڈ کے الزامات کو مسترد کردیا تھا اور اپنے طور پر دوبارہ گنتی کرانے سے انکار کردیا تھا۔

عدالتِ عظمیٰ نے تارکِ وطن عراقیوں ، بے گھر افراد اور خود مختار علاقے کردستان کی مسلح افواج کے اہلکاروں کے ڈالے گئے ووٹوں کو کالعدم قرار دینے کی اپیل مسترد کردی ہے۔ عدالت عظمیٰ کے چیف جسٹس مدحت المحمود نے قراردیا کہ اگر ایسا کیا جاتا ہے کہ یہ قانونی طور پر ووٹ ڈالنے والے ووٹروں کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔

بغداد میں ایک گودام میں ، جہاں بیلٹ باکس رکھے ہوئے تھے، اس ماہ کے اوائل میں آگ لگ گئی تھی۔ عراقی حکام کا کہنا ہے کہ آتش زدگی کے اس واقعے میں بیلٹ باکسوں کا کوئی نقصان نہیں ہوا تھا اور انھیں پہلے ہی محفوظ جگہ پر منتقل کردیا گیا تھا۔

عراقی وزارتِ داخلہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ گودام کے اس یونٹ میں آگ لگی تھی جہاں الیکٹرانک مشینیں رکھی گئی تھیں ۔بیلٹ باکسوں کو پہلے ہی محفوظ کر لیا گیا تھا جبکہ بعض عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ کچھ بیلٹ باکسز جل گئے تھے اور آگ کی شدت سے ان کی حالت بدل گئی تھی۔آتش زدگی کے اس واقعے کے الزام میں تین افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں