.

امریکا : اخبار کے دفتر میں فائرنگ سے 5 افراد ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی ریاست میری لینڈ کے شہر ایناپولس میں ایک مقامی اخبار "کیپیٹل گیزٹ" کے دفتر میں فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے۔

مقامی پولیس کے ترجمان لیفٹننٹ ریون فریشور کے مطابق فائرنگ کرنے والا شخص سفید فام ہے اور اسے حراست میں لے لیا گیا۔

مذکورہ اخبار کے ایک صحافی وِل ڈیوس نے اپنی ٹوئیٹ میں بتایا کہ حملہ آور نے دفتر کے شیشے کے دروازے کے ذریعے متعدد ملازمین پر فائرنگ کر دی۔

دوسری جانب 2014ء سے "کیپیٹل گیزٹ" اخبار کی ملکیت رکھنے والے "بالٹیمور سن میڈیا" گروپ نے بتایا ہے کہ فائرنگ کا آغاز مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2:40 پر ہوا۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ "میں میری لینڈ میں فائرنگ کا نشانہ بننے والوں اور ان کے گھر والوں کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔ میں ابتدائی مرحلے میں حرکت میں آنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو اس وقت منظر نامے میں موجود ہیں"۔

نیویارک میں پولیس ترجمان نے بتایا کہ احتیاطی تدبیر کے طور پر شہر میں مرکزی ذرائع ابلاغ کے دفاتر میں پولیس اہل کار تعینات کر دیے گئے ہیں۔