.

الجزائری شہری کے موبائل میں خوف ناک حادثے کی وڈیو محفوظ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

الجزائر میں اتوار کے روز سوشل میڈیا پر ایک وڈیو کلپ گردش میں رہا جس میں ایک ڈرائیور کو اپنے موبائل سے براہ راست وڈیو بنانے کے دوران ایک خوف ناک حادثے کا شکار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔

مذکورہ ڈرائیور پہاڑی علاقے میں تیز آواز موسیقی کی دُھن پر تیز رفتاری کے ساتھ گاڑی چلا رہا تھا اور ساتھ ہی راستے کے اطراف قدرتی مناظر کو اپنے موبائل کے کیمرے کے ذریعے محفوظ بھی کر رہا تھا۔ اس دوران وہ گاڑی پر سے کنٹرول کھو بیٹھا اور گاڑی سڑک سے اُتر کر ایک جانب نشیب میں اُلٹ کر جا گری۔

دل چسپ بات یہ ہے کہ گاڑی کے الٹ کر گر جانے کے باوجود بھی براہ راست وڈیو کا سلسلہ منقطع نہیں ہوا۔ اس دوران اسی راستے سے گزرنے والی بعض گاڑیوں کے مالکان جائے حادثہ پر پہنچے اور ڈرائیور کی مدد کی کوشش کی۔ حیرت انگیز طور پر ڈرائیور کو کوئی چوٹ نہیں آئی۔

سوشل میڈیا کے حلقوں کے مطابق یہ حادثہ الجزائر کے شمال مغربی شہر وہران میں پیش آیا۔ مختلف لوگوں نے اپنے تبصروں میں گاڑی چلانے کے دوران موبائل میں مصروف رہنے اور سڑک پر تصاویر یا وڈیو بنانے کے عمل سے خبردار کیا۔