.

ایران اور حوثیوں کے پاس صرف دو آپشنز باقی رہ گئے ہیں: منصور ہادی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن کے آئینی صدرعبد ربہ منصور ھادی نے ایران نواز حوثی باغیوں پر ایک بار پھر زور دیا ہے کہ وہ الحدیدہ شہر سمیت تمام شہروں میں ہتھیار ڈال دیں ورنہ ان کے خلاف فیصلہ کن فوجی کارروائی کی جائے گی۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق یمن کی عسکری قیادت کے ایک اجلاس سے خطاب میں صدر ھادی نے کہا کہ حوثی ملیشیا اور اس کے پشت پناہ ایران کے پاس صرف دو ہی راستے ہیں۔ وہ بغاوت کے بجائے ہتھیار پھینک کر قومی دھارے میں شامل ہو جائیں یا جنگ کے لیے تیار رہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور حوثیوں کو ہٹ دھرمی اور ٹال مٹول کی پالیسی کے بجائے غیر مشروط طور پر ہتھیار ڈالنے ہوں گے۔ جب تک الحدیدہ میں حوثی باغی ہتھیار نہیں ڈالیں گے سیاسی بات چیت کا عمل آگے نہیں بڑھ سکے گا۔ سیاسی عمل میں پیش رفت کے لیے حوثیوں کا ہتھیار پھینکنا لازمی ہے۔ حوثی باغی ہتھیار پھینک کر شہروں سے نکل جائیں اور اقوام متحدہ کی قرارداد 2216 پرعمل درآمد میں حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔

عبد ربہ منصور ھادی کا کہنا تھا کہ حوثیوں کا ایران کہ شہ پر آئینی حکومت کا تختہ الٹنا عالمی معاہدوں کو تاراج کرنے کی کوشش ہے۔ ایران کی پشت پناہی سے ملک کو تباہ کرنے کی تمام ترذمہ داری حوثی باغیوں پرعاید ہوتی ہے۔