.

زہریلی گیس سے متاثرہ خاتون کی وفات پر برطانوی وزیراعظم کا اظہارِ افسوس

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

برطانیہ کے جنوب مغرب میں زہریلی گیس نووی چوک (Nerve Agent) کا نشانہ بننے والی خاتون اتوار کی شام چل بسی۔ خاتون کو ہفتے کے روز ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق سالسبری شہر کے نواحی قصبے Amesbury میں مذکورہ زہریلی گیس کا نشانہ بننے والی 44 سالہ خاتون ڈان اسٹورگس کے قتل کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ادھر برطانوی خاتون وزیراعظم ٹریزا مے نے اسٹورگس کی وفات پر "گہرے افسوس" کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ خاندان سے تعزیت کی ہے۔ مے کے مطابق پولیس اور سکیورٹی اہل کار فوری طر پر واقعات کا تعیّن کرنے کے واسطے کام کر رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق ڈان اسٹورگس کے ساتھ اس کے 45 سالہ بوائے فرینڈ چارلی راؤلے کو بھی گیس کا نشانہ بننے کے بعد ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا اور اس کی حالت تشویش ناک ہے۔

یاد رہے کہ رواں برس مارچ میں روسی جاسوس سرگئی اسکریپل اور اس کی بیٹی یولیا کو بھی سالسبری میں اسی زہریلی گیس نووی چوک کے ذریعے نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس کے نتیجے میں مقامی آبادی میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

سرگئی اسکریپل پر گیس حملے کے نتیجے میں روس کو برطانیہ کی شدید نکتہ چینی کا سامنا ہے۔ برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید نے جمعرات کے روز ماسکو پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ برطانیہ کو "زہر کے ٹھکانے لگانے کے مقام" کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ تاہم روس نے پوری شدت کے ساتھ اس الزام کی تردید کی ہے۔

روس نے جوابی حملہ کرتے ہوئے برطانیہ پر الزام عائد کیا کہ وہ "گندا سیاسی کھیل" کھیل رہا ہے۔

اسکریپل کے واقعے نے ایک بڑا سفارتی بحران پیدا کر دیا جس نے برطانیہ اور اس کے حلیف ممالک کو ماسکو سے اپنے سفارتی ملازمین کو واپس بلا لینے پر مجبور کر دیا۔ بعد ازاں روس کی جانب سے بھی مماثل اقدامات سامنے آئے۔

نووی چوک اعصاب کو متاثر کرنے والی گیس ہے جس کو عسکری مقاصد کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ اس گیس کو سوویت یونین نے سرد جنگ کے دوران تیار کیا تھا۔