.

ڈونلڈ ٹرمپ ٹوئیٹر پر سب سے زیادہ فالوورز کے حامل عالمی سربراہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ٹوئیٹر پر سب سے زیادہ فالوورز رکھنے والے عالمی سربراہ ہیں۔ یہ بات میڈیا اور تعلقات عامہ سے متعلق کمپنی "Burson Cohn & Wolfe " نے اپنی سالانہ رپورٹ میں بتائی۔ امریکی صدر کو پوپ فرانسس اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر بھی برتری حاصل ہے۔

اس رپورٹ کو "ٹوئیبلومیسی" کا نام دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ اکتوبر 2017ء میں 5.2 کروڑ فالوورز کے ساتھ ٹوئیٹر پر سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے عالمی سربراہ بن گئے۔ انہوں نے پوپ فرانسس کو پیچھے چھوڑ دیا جن کے فالوورز کی مجموعی تعداد 4.7 کروڑ تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس فہرست میں تیسرے اور چوتھے نمبر پر بھارتی وزیراعظم ہیں۔ ان کے ذاتی اکاؤنٹ کے فالوورز کی تعداد 4.2 کروڑ جب کہ سرکاری اکاؤنٹ کے فالوورز کی تعداد 2.6 کروڑ ہے۔

یورپ میں برطانوی خاتون وزیراعظم ٹریزا مے سرفہرست ہیں جن کے سرکاری اکاؤنٹ کے فالوورز کی تعداد 50 لاکھ سے زیادہ ہے۔ ان کے بعد فرانسیسی صدر عمانوئل ماکروں ہیں جن کے فالوورز کی تعداد مئی 2017ء میں صدر منتخب ہونے کے بعد تین گُنا بڑھ کر 30 لاکھ سے زیادہ ہو گئی۔

عرب ممالک میں بھی سرفہرست شخصیت ایک خاتون ہیں۔ جی ہاں ، اردن کی ملکہ رانیا کے اکاؤنٹ کو 1 کروڑ سے زیادہ افراد فالو کر رہے ہیں۔ ان کے بعد دبئی کے حکمراں اور متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم ہیں جن کے فالوورز کی تعداد 90 لاکھ ہے۔

ٹوئیٹر پر "سب سے زیادہ سرگرم" رہنے کے حوالے سے جنوبی امریکا کے ممالک کے حکومتی نمائندگان برتری رکھتے ہیں۔ مثلا وینزویلا کے وزیر خارجہ جورجی ایریازا نے گزشتہ 12 ماہ کے دوران روزانہ اوسطا 55 ٹوئیٹس لکھیں۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 187 ممالک کے سربراہان مملکت، وزراء اعظم اور وزراء خارجہ ٹوئیٹر پر موجود ہیں۔ یہ تعداد اقوام متحدہ کے کُل 193 رکن ممالک کا 97% ہے۔

اقوام متحدہ کے صرف چھ رکن ممالک ہیں جن کے ٹوئیٹر پر سرکاری اکاؤنٹس نہیں ہیں۔ یہ ممالک لاؤس، موریتانیا، نیکارگوا، شمالی کوریا، ترکمانستان اور سوازی لینڈ ہیں۔