.

برطانیہ: زہریلی گیس کے حوالے سے تحقیقات ، پولیس کو 400 سے زیادہ متعلقہ شواہد مل گئے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

برطانیہ کے جنوب مغرب میں زہریلی اعصابی گیس "نووی چوک" کا نشانہ بننے والی خاتون Dawn Sturgess کی ہلاکت کی تحقیقات کے سلسلے میں پولیس کو 400 سے زیادہ مادی شواہد ملے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملنے والی متعلقہ اشیاء ممکنہ طور پر آلودہ ہو سکتی ہیں اور انہیں معائنے کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔

برطانوی پولیس نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ 11 جولائی بروز بدھ Charlie Rowley کے گھر سے ایک "شیشے کی چھوٹی بوتل" ملی جس میں نووی چوک گیس موجود تھی۔ چارلی راؤلی گزشتہ ماہ مذکورہ گیس سے متاثر ہونے والے دو افراد میں شامل ہیں۔ اس واقعے سے چار ماہ قبل روسی جاسوس اور اس کی بیٹی کو بھی اسی گیس کے ذریعے نشانہ بنایا گیا تھا۔

یاد رہے کہ چارلی راؤلی (45 سالہ) اور اس کی خاتون ساتھی ڈان اسٹورگیس (44 سالہ) 30 جون کو راؤلی کے گھر میں بے ہوش پائے گئے تھے۔ اسٹورگیس اتوار کے روز چل بسی جب کہ راؤلی کو ہوش آ گیا ہے اور اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

اس سے قبل رواں برس چار مارچ کو برطانیہ کے جنوب مغربی شہر سالسبری میں روس کے سابق جاسوس سرگئی اسکریپل اور اس کی بیٹی یولیا بے ہوش پائے گئے تھے۔ اس واقعے کے نتیجے میں برطانیہ اور روس کے درمیان سفارتی بحران پیدا ہو گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ وہ راؤلی اور اسٹورگیس کو متاثر کرنے والے مواد کے مزید معائنے کرے گی تا کہ اس امر کی تصدیق ہو سکے کہ یہ وہ ہی مواد ہے جو اسکریپل اور اس کی بیٹی کے خلاف استعمال کیا گیا تھا۔