.

سویڈن کے جنگلات میں لگی خوف ناک آگ قابو سے باہر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سویڈن کے جنگلات میں لگی خوف ناک آگ پر ایک ہفتے بعد بھی قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔ رواں برس سویڈن میں 30 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ 70 برسوں میں بلند ترین ہے۔ واضح رہے کہ سویڈن کا کل رقبہ 449964 مربع کلو میٹر ہے جس میں 54% کے قریب جنگلات پر مشتمل ہے۔

سویڈن ریڈیو نے ہنگامی حالات کے محکمے کے حوالے سے بتایا ہے کہ بدھ کے روز ملک کے مختلف حصوں میں جلنے والے جنگلات کی تعداد 67 سے زیادہ ہو گئی جب کہ سویڈن ٹی وی نے بدھ کی صبح یہ تعداد 75 بتائی ہے۔

ہنگامی حالات کے محکمے میں جنگلات کی آگ کے شعبے کے ڈائریکٹر آپریشنز یعقوب ویرنرمان نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ آگ تیزی کے ساتھ پھیل رہی ہے اور اس کے دیگر جنگلات تک پہنچنے کا بھی امکان ہے۔

ہیلی کاپٹروں کی کافی تعداد آگ بجھانے کی کارروائیوں میں مصروف ہے۔

اس ناگہانی آفت نے سویڈن کو یورپی یونین سے مدد طلب کرنے پر مجبور کر دیا تا کہ وسیع رقبے پر پھیلی کنٹرول سے باہر آگ کو بجھایا جا سکے۔

یاد رہے کہ طویل عرصے تک 30 ڈگری سینٹی گریڈ سے متجاوز درجہ حرات سویڈن کے لیے غیر معمولی صورت حال ہے۔ بالخصوص اس لیے کہ کرہ ارض پر سویڈن کے محل وقوع کے سبب سورج کی شعائیں قریب ہوتی ہیں اور دن کا دورانیہ بہت طویل ہوتا ہے۔