.

ہیلری، میڈلین اور پاول نے اداکاری کے میدان میں قدم رکھ دیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی ٹی وی چینل "CBS" نے منگل کے روز بتایا ہے کہ امریکا کے تین سابق وزراء خارجہ رواں سال اکتوبر کے دوران سیاسی ٹی وی ڈرامے "میڈم سکریٹری" میں مہمان اداکار کے طور پر شریک ہوں گے۔ یہ وزراء خارجہ کولن پاؤل کے علاوہ دو خواتین وزیر میڈلین آلبرائٹ اور ہیلری کلنٹن ہیں۔

تینوں شخصیات نے ڈرامے کے پانچویں سیزن کی قسط کے لیے عکس بندی کروائی جس کو نشر کیے جانے کا آغاز سات اکتوبر سے ہو گا۔

ڈرامے کی ایگزیکٹو پروڈیوسر باربرا ہال نے بتایا کہ "ہمارے لیے یہ خوشی کا باعث ہو گا کہ ان لوگوں کی آراء کو سنیں اور کیمرے کے سامنے اور پیچھے ان سے گفتگو کریں"۔

اس ڈرامے کی کہانی ایک تخیلاتی خاتون وزیر خارجہ Elizabeth McCord کی شخصیت کے گرد گھوم رہی ہے جو اپنی سفارتی ذمّے داریوں اور گھریلوں خاندانی امور کے درمیان توازن کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور کوششوں میں مصروف ہے۔

ڈرامے کو ہیلری کلنٹن کے اپنے وزیر خارجہ کے عہدے کو چھوڑنے کے ایک برس بعد 2014ء سے پیش کیا جا رہا ہے۔

میڈلین آلبرائٹ امریکا کی تاریخ میں وزیر خارجہ کا منصب سنبھالنے والی پہلی خاتون تھیں۔

کولن پاؤل نے جارج بش جونیئر کے دور میں وزارت خارجہ کا قلم دان سنبھالا اور وہ اس عہدے پر فائز ہونے والے پہلے سیاہ فام وزیر خارجہ تھے۔