.

یمنی فوج کی الجوف میں پیش قدمی ،حوثیوں کا بھاری جانی نقصان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمنی فوج نے صوبہ الجوف کے شمال میں واقع ضلع برط العنان میں گذشتہ ایک ہفتے کے دوران میں حوثی ملیشیا کے خلاف شدید لڑائی کے بعد بہت سے علاقے آزاد کرالیے ہیں ۔اس لڑائی میں حوثیوں کا بھاری جانی اور مالی نقصان ہوا ہے۔

یمنی فوج کے اسٹاف آفیسر کرنل حزم خرصان نے بتایا ہے کہ برط العنان میں حوثی ملیشیا کے زیر قبضہ الظہرہ سے القعیف تک کے علاقوں کو آزاد کرا لیا گیا ہے۔ان میں النبیعہ ، العشاش اور راہ کے علاقے بھی شامل ہیں۔

انھوں نے بتایا ہے کہ اس گورنری میں ہفتے کی صبح سے یمنی فوج اور حوثی ملیشیا کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے اور یمنی فوج تیزی سے پیش قدمی کررہی ہے جبکہ حوثیوں کی صفوں میں بھگدڑ مچ چکی ہے اور وہ میدانِ جنگ سے راہِ فرار اختیار کررہے ہیں۔

یمن کے ایک فوجی ذریعے نے مغربی ساحلی علاقے میں بھی حوثی ملیشیا کے خلاف لڑائی میں سرکار ی فوج کی مسلسل پیش قدمی کی اطلاع دی ہےاور وہ الحدیدہ میں جنوبی ساحلی علاقے کی جانب آگے بڑھ رہی ہے۔

اس ذریعے نے الحدیدہ شہر اور اس کی بندرگاہ کو حوثیوں کے قبضے سے واگزار کرانے کے لیے فوجی کارروائی کے دوبارہ آغاز کی بھی اطلاع دی ہے۔ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا اقوام متحدہ کی اپیلوں کے باوجود الحدیدہ کی بندر گاہ کا کنٹرول حوالے کرنے پر آمادہ نہیں ہوئی ہے اور اس نے یمنی فوج اور عرب اتحاد کو الحدیدہ شہر اور اس کی بندرگاہ کو آزاد کرانے کے لیے آپریشن دوبار ہ شروع کرنے پر مجبور کیا ہے۔