شاہ سلمان کا یمنی اور سوڈانی شہداء کے خاندانوں کی حج پر سرکاری میزبانی کا حکم

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے یمن کی قومی فوج اور سوڈانی فوج کے شہداء کے خاندانوں کے ڈیڑھ ہزار افراد کی حج کے دوران میں سرکاری میزبانی کا حکم دیا ہے۔

یمن اور سوڈان کے یہ فوجی جنگ زدہ پڑوسی ملک میں حوثی شیعہ باغیوں کے خلاف سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد کے آپریشن فیصلہ کن طوفان اور آپریشن امید کی بحالی میں لڑتے ہوئے شہید ہوئے ہیں۔

ان شہداء کے خاندانوں کی شاہ سلمان کے مہمان نوازی کے پروگرام برائے حج اور عمرہ کے تحت میزبانی کی جائے گی۔سعودی عرب کی وزارت برائے اسلامی امور اور دعوت وارشاد اس پروگرام کی نگران ہے۔

سعودی وزیر برائے اسلامی امور اور دعوت وارشاد شیخ عبداللطیف بن عبدالعزیز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’اس پروگرام اور شاہ سلمان کے حکم سے یمن میں ہمارے بھائیوں کی سرزمین اور عوام کے دفاع کے لیے ان شہداء کی دلیرانہ قربانیوں کی تحسین ظاہر ہوتی ہے۔اللہ تعالیٰ ان شہداء کی مغفرت فرمائیں‘‘۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے دوسرے سرکاری محکموں کے ساتھ روابط سے ان شہداء کے خاندانوں کو سہولتیں بہم پہنچانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے تاکہ وہ بآسانی حج ادا کرسکیں ۔

مقبول خبریں اہم خبریں