.

سعودی شہر جازان پر داغا گیا حوثیوں کا بیلسٹک میزائل فضا میں تباہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کی فضائی دفاعی فورسز نے ہفتے کے روز سرحدی شہر جازان کی جانب یمن سے حوثی شیعہ باغیوں کے داغے گئے ایک بیلسٹک میزائل کو تباہ کر دیا ہے۔

یمن سے حوثی ملیشیا نے ایک ہفتے کے بعد جازان کی جانب یہ دوسرا میزائل داغا ہے۔اس سے پہلے انھوں نے 11 اگست کو اس شہر کو بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی لیکن سعودی عرب کی فضائی دفاعی فورسز نے اس میزائل کو بھی فضا ہی میں ناکارہ بنا دیا تھا۔

ایران کے حمایت یافتہ حوثی شیعہ باغیوں نے حالیہ ہفتوں کے دوران میں سعودی عرب پر میزائل حملے تیز کر رکھے ہیں۔حوثی شیعہ باغی ستمبر 2014ء میں یمن کی قانونی حکومت کے خلاف بغاوت برپا کرنے کے بعد سے سعودی عرب کے جنوب میں واقع سرحدی شہروں جازان اور نجران کی جانب لا تعداد راکٹ اور میزائل فائرکر چکے ہیں ۔

یمن کی قانونی حکومت کا کہنا ہے کہ ایرانی رجیم نے حوثیوں کی فوجی صلاحیت میں اضافے کے لیے ہر طرح سے حمایت جاری رکھی ہوئی ہے اور وہ انھیں اسلحہ مہیا کرکے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں 2216 اور 2231کی صریح خلاف ورز ی کا مرتکب ہور ہا ہے۔اس کے مہیا کردہ ان ہتھیاروں سے سعودی عرب کے علاوہ خطے کی سلامتی کے لیے بھی خطرات پیدا ہوچکے ہیں۔