قطری عازمین کا دوسرا قافلہ حج کے لیے براستہ کویت جدہ پہنچ گیا: ویڈیو

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

قطر سے عازمین حج کا دوسرا قافلہ کویت کے راستے ہوائی سفر کرکے اتوار کو سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ کے بین الاقوامی ہوائی ڈے پرپہنچ گیاہے ۔جدہ سے قطری عازمین مکہ مکرمہ چلے گئے ہیں جہاں مناسکِ حج شروع ہوچکے ہیں۔

قطری حکومت نے اپنے شہریوں کو حج کے لیے سعودی عرب جانے کی اجازت دینے میں پس وپیش سے کام لیا تھا اور ان کے مقدس سفر کے لیے روانہ ہونے میں رکاوٹیں ڈالی تھیں۔جدہ کے ہوائی اڈے پر موجود العربیہ کے نمائندے نے بتایا ہے کہ قطری عازمین نے اپنی آمد کی فلم نہ بنانے کی درخواست کی تھی اور انھوں نے ممکنہ طور پر حج سے دوحہ واپسی پر اپنی حکومت کی پوچھ تاچھ سے بچنے کے لیے ایسا کیا ہے۔

اب تک سعودی عرب میں پہنچنے والے قطری عازمین حج کی تعداد 500 ہوچکی ہے ۔توقع ہے کہ یومِ عرفہ یعنی سوموار کے روز اس تعداد میں مزید اضافہ ہوجائے گا کیونکہ مختلف سفری ذرائع سے ان کی سعودی عرب میں آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

العربیہ کے نمائندے نے جن قطری عازمین سے گفتگو کی ہے ،انھوں نے بتایا ہے کہ ان کا حج کے لیے اندراج کویت میں ہوا تھا اور قطری حکومت نے ان کی کوئی رجسٹریشن نہیں کی ہے۔قطری عازمین کیمرے کے سامنے گفتگو سے ہچکچا رہے تھے۔

واضح رہے کہ قطری حکومت نے عازمین حج کی رجسٹریشن کے لیے اپنی سائٹ کو بلاک کردیا تھا ۔اس کے باوجود قطری عازمین کا پہلا قافلہ گذشتہ جمعرات کو کویت کے راستے سعودی عرب پہنچا تھا اور سعودی وزیر حج اور عمرہ محمد صالح بن طاہر بنتن نے بہ نفس نفیس ان کا خیرمقدم کیا تھا ۔

خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے انھیں قطری مہمانوں کے استقبال کی خصوصی طور پر ہدایت کی تھی۔انھوں نے اس موقع پر کہا تھا کہ سعودی عرب حج کو سیاسی بنانے کی تمام کوششوں کو مسترد کرتا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں