.

’اقتصادی جنگ‘ چین کا امریکا پر بھرپور جوابی وار!

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی حکومت کی جانب سے چینی مصنوعات پر ٹیرف میں اضافے کے بعد بیجنگ نے بھی بھرپور جوابی وار کرتے ہوئے امریکا سے درآمد کی جانے والی مصنوعات پر 16 ارب ڈالر کا کسٹم ٹیکس لگا دیا ہے۔

چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق چینی مصنوعات پرامریکا میں 16 ارب ڈالر کا کسٹم ٹیکس لگائے جانے کے کچھ ہی دیربعد امریکی مصنوعات پر چین میں کسٹم ٹیکس میں 25 فی صد اضافہ کردیا گیا ہے۔

قبل ازیں چینی حکومت نے کہا تھا کہ وہ امریکا کی طرف سے سولہ ارب ڈالر کا اضافی ٹیکس عاید کرنے کے جواب میں ’ضروری جوابی اقدامات‘ کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ چین مصنوعات پرٹیکس کے معاملے میں’جیساکرو گے ویسا بھروگے‘ کی پالیسی پرعمل پیرا ہے۔ اگر ہماری مصنوعات کی درآمد پر امریکا میں ٹیکس لگتا ہے تو ہم اپنے ہاں امریکی مصنوعات پر ٹیکس بڑھا دیں گے۔

چینی وزارت تجارت کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بیجنگ امریکا کی طرف سے چینی مصنوعات پر اضافی ٹیکس لگانے کی شدید مذمت کرتا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ چین امریکا کے ساتھ جاری تجارتی تنازع کو بین الاقوامی ٹریڈ آرگنائزیشن میں اٹھائے گا۔

خیال رہے کہ جمعرات کو امریکی حکومت نے چین کی مصنوعات پر قریبا سولہ ارب ڈالر کا ٹیکس لگا دیا گیا۔

خبر رساں ایجنسی’اے ایف پی‘ کے مطابق امریکا کی جانب سے چینی مصنوعات پر 16 ارب ڈالر کے نئے ٹیکسوں کا اعلان نافذ کردیا گیا ہے۔