.

آنجہانی جان مکین سعودی عرب کے عظیم دوست تھے: شہزادہ خالد بن سلمان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکا میں سعودی عرب کے سفیر شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز نے ری پیبلکن سینیٹر جان مکین کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ایک ٹویٹر پیغام میں شہزادہ خالد بن سلمان نے آنجہانی سینیٹر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں سینیٹر جان مکین کی رحلت پر امریکی عوام سے مخلصانہ تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ جان مکین نے پوری زندگی اپنے ملک کی خدمت، عالمی امن اور سلامتی کے فروغ کے لئے وقف کر رکھی تھی۔ ان کا شمار مملکت کے عظیم دوستوں میں ہوتا تھا۔ وہ حقیقی معنوں میں ایک محترم اور قابل اعتبار حکومتی کارپرداز تھے۔ ہم انہیں تادیر یاد رکھیں گے۔‘‘

جان مکین امریکا کی ریپبلیکن پارٹی میں ایک توانا آواز تھے جو 2008 کے صدارتی انتخاب میں پارٹی کی ٹکٹ پر امیدوار تھے۔ مکین دماغ کے سرطان کے عارضے میں مبتلا تھے اور اسی مرض سے لڑتے ہوئے ہفتہ کی شب جہاں فانی سے کوچ کر گئے۔ ان کی عمر اکیاسی برس تھی۔

آنجہانی جان مکین نے امریکی ایوان نمائندگان اور سینٹ میں 35 برس تک اریزونا ریاست کی نمائندگی کرتے رہے۔ ان کے دماغ میں کینسر کی تشخیص 2017 میں ہوئی جس کے بعد انہیں امسال یو ایس کیپیٹل ہسپتال داخل کرایا گیا۔ اسی سال اپریل میں بڑی آنت میں انفیکشن کے باعث انہیں سرجری کے عمل سے گزرنا پڑا۔