.

امریکی بشپ نے گلوکارہ کو چھونے پر معافی مانگ لی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکا میں چارلس ایلیس نامی بشپ نے نوجوان گلوکارہ اور اداکارہ "آریانا گرینڈ" سے معافی مانگ لی ہے۔

امریکی ریاست مِشی گن میں جمعہ کو امریکا کی معروف گلوکارہ اریتھا فرینکلن کی تعزیتی تقریب کے دوران میں آریانا گرینڈ نے ایک گیت "You Make Me Feel Like" گایا۔ گیت کے اختتام پر بشپ چارلس نے آریانا سے معانقہ کیا اور انھیں مبارک باد پیش کی اور بے ساختگی میں انھوں نے 25 سالہ گلوکارہ کی کمر پر اپنا ہاتھ رکھ لیا۔

تاہم انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی تصاویر میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ چارلس کا ہاتھ آریانا کی کمر سے کافی اوپر تھا اور قریب تھا کہ وہ گلوکارہ کے سینے کو چُھو جاتا۔

بشپ چارلس نے ہفتے کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ "میں نے کبھی کسی خاتون کے سینے کو دانستہ طور پر چُھونے کا ارادہ نہیں کیا"۔

بشپ نے اقرار کیا کہ ہو سکتا ہے انھوں نے "حد سے تجاوز" کیا ہو۔ چارلس نے پوپ اسٹار کے نام کے حوالے سے اپنے تبصرے پر بھی معذرت پیش کی۔

چارلس نے تقریب کے دوران کہا تھا کہ "جب میں نے پروگرام کے شیڈول میں آریانا گرینڈ کا نام دیکھا تو میں نے اسے ریستورانوں میں پیش کی جانے والی کسی نئی ڈش کا نام گمان کیا"۔

انھوں نے واضح کیا کہ "میں ذاتی طور پر صدقِ دل سے آریانا اور ان کے تمام پرستاروں سے معذرت چاہتا ہوں"۔یاد رہے کہ آریانا گرینڈ اطالوی نژاد خاتون ہیں۔

تعزیتی تقریب کوئی آٹھ گھنٹے تک جاری رہی اور اس میں مختلف فن کاروں سمیت امریکا کے سابق صدر بل کلنٹن نے بھی شرکت کی۔