.

مکہ مکرمہ: شدید بارش میں صفائی کرنے والے ایک کارکن کا قابل تقلید اخلاص

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک فوٹیج نے غیرمعمولی توجہ حاصل کی ہے۔ اس فوٹیج میں مکہ معظمہ میں شدید بارش کے دوران سڑک پر صفائی کرنے والے ایک کارکن کو دیکھا جا سکتا ہے جو انتہائی اخلاص اور محنت کے ساتھ بارش کے باوجود اپنے کام میں منہمک ہے۔

فوٹیج دیکھنے سے معلوم ہوتا ہے کہ صفائی کے عملے کا ایک کارکن بارش کے پانی کے ساتھ بہنے والے کوڑے کرکٹ کو اپنے ہاتھوں سے اٹھا کر سڑک کی ایک طرف پھینک رہا ہے۔ سڑک پر پانی جمع ہونے سے روکنے کے لیے وہ پانی نالیوں کی صفائی میں مصروف ہے۔ اس کے آس پاس سے گاڑیاں گذر رہی ہیں مگر اسے بارش کی پرواہ ہے اور نہ ہی آس پاس سے گذرنے والی ٹریفک سے کوئی دلچسپی ہے۔

فوٹیج سامنے آنے کے بعد حکام بھی حرکت میں آئے ہیں۔ مکہ معظمہ سیکرٹیریٹ نے اخلاص اور قابل تقلید محنت کے پیکر کارکن کی تکریم کا اعلان کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر شہریوں نے صفائی کرنے والے اس کارکن کو داد تحسین پیش کی ہے اور اس کے کام کو قوم کے لیے قابل تقلید قرار دیا ہے۔