.

عرب اتحاد یمن میں شہریوں کی حفاظت کر رہا ہے: امریکی قیادت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی قیادت نے یمن میں آئینی حکومت کی بحالی اور ایران نواز حوثیوں کی سرکوبی کے لیے سرگرم عرب اتحاد کی کوششوں کو سراہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی قیادت میں قائم اتحاد یمن میں شہریوں کا تحفظ کررہا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ انہوں نے کانگریس کے اجلاس میں اس بات کی گواہی دی کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات یمن میں عام شہریوں کی زندگی بچانے کی کوششیں کررہے ہیں۔

مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور امارات نے آئینی حکومت کی رٹ کی بحالی کی جنگ کے دوران یمن میں عام شہریوں کی زندگیاں اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان سے بچانے کے لیے ہرممکن اقدام کیا ہے۔

ادھر امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے کہا ہے کہ وہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے بارے میں وزیرخارجہ مائیک پومپیو کے موقف سے متفق ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں عرب ملک یمن میں عام شہریوں کے کم سے کم نقصان کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں رہے ہیں۔

جیمز میٹس کا کہنا تھا کہ امریکا یمن میں لڑائی ختم کرانے کے لیے اقوام متحدہ کے ایلچی کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔

قبل ازیں منگل کو یمن میں جنگ کے دوران پیش آنے والے واقعات کی تحقیقات کے لیے قائم کردہ جوائنٹ انویسٹی گیشن کمیشن نے اقوام متحدہ کی طرف سے جاری کردہ رپورٹس کومثبت قرار دیتے ہوئے ان کا خیر مقدم کیا تھا۔

تحقیقاتی ٹیم کے ترجمان منصور بن احمد منصور نے ریاض میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ کمیشن نے جنگ کے دوران پیش آنے والے ناخوش گوار واقعات کی چھان بین کے لیے ایسا میکنزم اختیار کیا ہےجس میں کوئی شک و شبے کی گنجائش باقی نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عرب اتحاد نے یمن جنگ کےدوران ہونے والی بعض تکنیکی غلطیوں کا جرات اور بہادری کے ساتھ اعتراف کیا ہے۔