.

چین کی 200 ارب ڈالر کی مصنوعات پر نئے امریکی ٹیکس کا اعلان کل ہو گا؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چین سے درآمد کی جانے والی مصنوعات پر 10% کا نیا ٹیکس لگانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ امریکی میڈیا نے ہفتے کے روز بتایا کہ اس اقدام کا اعلان آئندہ چند روز میں کر دیا جائے گا۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ٹرمپ نے 200 ارب ڈالر مالیت کی درآمدات پر کسٹم محصولات عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایک دوسرے امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں اعلان کل جاری کیا جائے گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ چین کی 50 ارب ڈالر کی مصنوعات پر پہلے ہی 25% کا کڑا ٹیکس عائد کر چکے ہیں۔

واشنگٹن اور بیجنگ نے گزشتہ ہفتے اس امر کا اظہار کیا تھا کہ وہ بات چیت کے دوبارہ آغاز پر تیار ہیں۔ بات چیت کا مقصد بڑھتی ہوئی تجارتی جنگ سے گریز کرنا ہے جس نے چین میں امریکی کمپنیوں پر منفی اثرات مرتب کرنا شروع کر دیے ہیں۔

وہائٹ ہاؤس کی ترجمان لنزی والٹرز نے جمعے کے روز کہا تھا کہ صدر ٹرمپ اپنے موقف میں واضح تھے کہ وہ اور ان کی انتظامیہ چین کی جانب سے غیر منصفانہ تجارتی کارستانیوں کے ساتھ نمٹنے کے واسطے اقدامات کرتی رہے گی۔

جمعے کے روز ایک ذریعے نے برطانوی خبر رساں ایجسنی کو آگاہ کیا کہ وزیر خزانہ اسٹیون منوچن کی جانب سے چین کے ساتھ تجارتی تنازع حل کرنے کے لیے دوبارہ بات چیت کی کوشش کے باوجود صدر ٹرمپ اپنے معاونین کو چینی اشیاء پر نئے ٹیکس کے نفاذ پر عمل درامد کی ہدایات دے چکے ہیں۔